ایم وی اے مل کر آئندہ انتخابات لڑیں گے: شرد پوار

شرد پوار نے کہا کہ ہم مل کر تیاری کر رہے ہیں اور اگلے سال ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات لڑنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

شرد پوار، تصویر یو این آئی
شرد پوار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کولہاپور: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر شرد پوار نے اتوار کو کہا کہ این سی پی، کانگریس اور شیوسینا (ٹھاکرے) پر مشتمل مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) آئندہ ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گی۔

اتوار کو ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں شرد پوار نے کہا، "ہم مل کر تیاری کر رہے ہیں اور اگلے سال ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات لڑنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جب تک اکٹھے الیکشن لڑنے کے معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا جاتا تب تک مل کر لڑنا مشکل ہوگا۔


ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ہاتھ میں اقتدار کے ساتھ پاؤں زمین پر رکھنے کی ضرورت ہے، لیکن موجودہ حکمران لیڈر غلط بات کر رہے ہیں اور اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈال رہے ہیں اور یہ سراسر غلط ہے۔ یہاں تک کہ اب تو شیو سینا کے بھی دو گروپ ہو گئے ہیں لیکن وفادار شیوسینک میدان میں کام کر رہے ہیں اور ادھو ٹھاکرے کے ساتھ آنے والے انتخابات میں لوگ حقیقی شیو سینا دیکھیں گے۔

شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت کے اس بیان پر کہ موجودہ ریاستی حکومت اگلے ماہ گر جائے گی، شرد پوار نے طنزیہ انداز میں جواب دیا اور کہا کہ سنجے راوت نے اس معاملے پر کیا کہا اس کے بارے میں انہیں کچھ نہیں معلوم، سنجے راوت کے پلان کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔


کانگریس کے نوجوان رہنما راہل گاندھی اور ان کی 'بھارت جوڑو' یاترا کی تعریف کرتے ہوئے شرد پوار نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی راہل گاندھی کے بارے میں نقطہ نظر کو آلودہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ ریاست کے موجودہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری بار بار متنازعہ بیان دے رہے ہیں اور گورنر کے عہدے کے وقار کا احترام نہیں کر رہے ہیں۔ شرد پوار نے کہا کہ چھترپتی سنبھاجی مہاراج کو 'سوراجیہ رکشک' کہنا غلط نہیں ہے کیونکہ انہوں نے 'سوراجیہ' پر بہت سے حملوں کا مضبوطی کے ساتھ سامنا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔