مظفرپور عصمت دری معاملہ: کانگریس کے 11 رکنی وفد کی گورنر عارف محمد خان سے ملاقات، متاثرہ کو انصاف دلانے کا کیا مطالبہ

عصمت دری معاملہ میں اپوزیشن خاص طور سے کانگریس نے جب حکومت کو گھیرنا شروع کیا تو ریاستی وزیر صحت منگل پانڈے نے تحقیقات کے لیے محکمہ صحت کے 3 ڈائریکٹر اِن چیف کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

بہار کے مظفرپور ضلع میں نابالغ بچی سے عصمت دری اور علاج کے دوران پٹنہ میں ہوئی موت کا معاملہ اب راج بھون تک پہنچ چکا ہے۔ بہار کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام 11 رکنی وفد کے ساتھ 4 جون کو راج  بھون میں گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کی۔ کانگریس وفد نے گورنر کو ایک میمورنڈم پیش کیا، ساتھ ہی اس پورے معاملے میں مداخلت کا مطالبہ بھی کیا۔

وفد میں شامل کانگریس کے سینئر لیڈر پریم چندر مشرا نے کہا کہ گورنر عارف محمد خان کو پورے معاملہ کی تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایک دلت بچی کی عصمت دری ہوئی ہے بلکہ اس کا قتل بھی ہوا ہے۔ متاثرہ بچی کے جسم پر 17 زخم کے نشان تھے، اسے وقت پر اسپتال میں داخل نہیں کرایا گیا، یہ حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔ پریم چندر مشرا نے مزید کہا کہ جس بچی کی موت ہوئی اس کی ماں بیوہ ہے، ماں کو مالی امداد کے ساتھ سرکاری ملازمت بھی ملنی چاہیے۔


قابل ذکر ہے کہ متاثرہ بچی کا پہلے مظفرپور کے ایس کے ایم سی ایچ میں علاج ہوا تھا۔ اس کے بعد اسے پی ایم سی ایچ (پٹنہ) لایا گیا تھا۔ دونوں جگہ علاج میں لاپرواہی کا الزام ہے۔ اس پورے معاملہ میں اپوزیشن خاص طور سے کانگریس نے حکومت کو گھیرنا شروع کیا تو ریاستی وزیر صحت منگل پانڈے نے تحقیقات کے لیے محکمہ صحت کے 3 ڈائریکٹر اِن چیف کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔ دوسری جانب ریاستی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے پی ایم سی ایچ کے انچارج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ابھیجیت کو عہدہ سے برطرف کر دیا ہے۔ مظفرپور کے ایس کے ایم سی ایچ کی ڈاکٹر کماری وبھا کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ 15 دنوں کے اندر اسپیڈ ٹرائل کر کے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2025, 4:11 PM