مظفر نگر تھپڑ واقعہ: سپریم کورٹ نے مسلم طالب علم کی پٹائی معاملے پر یوپی حکومت کو لگائی پھٹکار

بنچ نے ریاست کے اسکولی تعلیم محکمہ کے چیف سکریٹری کو کسی بھی سخت کارروائی سے بچنے کے لیے آئندہ سماعت کے دوران ورچوئل طریقے سے موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع واقع ایک اسکول میں مسلم طالب اور اس کے ساتھیوں کی کاؤنسلنگ کے لیے ایک ایجنسی مقرر کرنے کے حکم پر عمل نہیں ہونے سے سپریم کورٹ ناراض ہے۔ اس معاملے میں 10 نومبر کو عدالت عظمیٰ نے ریاستی حکومت کو پھٹکار لگائی۔

قابل ذکر ہے کہ مبینہ طور پر ہوم ورک پورا نہ ہونے پر اسکول کی خاتون ٹیچر نے طالب علم کو تھپڑ مارنے کی ہدایت ایک دیگر طالب علم کو دی تھی۔ اسکول کی خاتون ٹیچر پر متاثرہ طالب علم کو لے کر فرقہ وارانہ تبصرہ کرنے کا بھی الزام لگا ہے۔ اس معاملے میں عدالت نے جو حکم جاری کیا تھا اس پر عمل آوری نہیں ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ جسٹس ابھے ایس اوکا اور جسٹس پنکج متھل کی بنچ نے ریاست کے اسکولی تعلیم محکمہ کے چیف سکریٹری کو کسی بھی سخت کارروائی سے بچنے کے لیے آئندہ سماعت کے دوران ورچوئل طریقے سے موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔


مسلم طالب علم کو تھپڑ مارے جانے کے معاملے میں یوپی حکومت کے مایوس کن رویہ کو دیکھتے ہوئے ہی جمعہ کے روز ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کو ڈانٹ لگائی ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق بنچ نے کہا کہ فریقین کے وکلا کو سننے کے بعد ہمارا ماننا ہے کہ یوپی حکومت اور خاص طور سے محکمہ تعلیم نے وقت وقت پر اس عدالت کی طرف سے دیے گئے مختلف احکامات پر عمل نہیں کیا ہے۔ متاثرہ بچے اور واقعہ میں شامل دیگر بچوں کی مناسب کاؤنسلنگ نہیں کی گئی۔ بچوں کو کاؤنسلنگ دینے کے بارے میں داخل حلف نامہ سے پتہ چلتا ہے کہ ریاستی حکومت کا نظریہ حیران کرنے والا ہے۔

آج ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت سے واضح لفظوں میں کہا کہ ہم نے واقعہ میں متاثر بچے اور اس کے ہم سبق بچوں کی کاؤنسلنگ کے طریقہ سے متعلق مشورہ دینے کے لیے ہی ممبئی کے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ٹی آئی ایس ایس) کو مقرر کیا ہے۔ ٹی آئی ایس ایس ریاست میں موجود ماہرین اطفال کے نام کا مشورہ دے گا۔ بنچ نے کہا کہ ٹی آئی ایس ایس کی دیکھ ریکھ میں کاؤنسلنگ کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو ٹی آئی ایس ایس کو سبھی بنیادی ڈھانچہ سے متعلق امداد اور حمایت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اب اس معاملے میں سماعت کے لیے آئندہ تاریخ 11 دسمبر کی مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل یوپی حکومت کو ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔