کشمیر انتخابات نتائج: لیہہ میں کانگریس کی بڑی جیت، بی جے پی کو زبردست جھٹکا

کانگریس نے لیہہ میونسپل کمیٹی میں کلین سویپ کرتے ہوئے سبھی 13 بلدیاتی حلقے اپنے نام کر لئے ہیں جبکہ بی جے پی ایک بھی سیٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

20 Oct 2018, 2:39 PM
کشمیر بلدیاتی انتخابات نتائج: لیہہ میں کانگریس کی بڑی جیت، بی جے پی کو زبردست جھٹکا

سرینگر: جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو خطہ لداخ میں زبردست جھٹکا لگا ہے اور پارٹی 26 بلدیاتی حلقوں میں سے ایک بھی حلقہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس نے لیہہ میونسپل کمیٹی میں کلین سویپ کرتے ہوئے سبھی 13 بلدیاتی حلقے اپنے نام کرلئے ہیں۔ پارٹی نے کرگل میونسپل کمیٹی کے 13 میں سے پانچ حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ باقی آٹھ حلقے آزاد امیدواروں کے کھاتے میں چلے گئے ہیں۔ سنہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے لداخ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے جیت درج کرکے تاریخ رقم کی تھی۔

خطہ لداخ میں بی جے پی کی ہار کو پارٹی کے لئے ایک بڑا جھٹکا مانا جارہا ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ریاست کے تینوں خطوں (جموں، کشمیر اور لداخ) میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرے گی۔ پی ڈی پی کے ساتھ تین سال تک مخلوط حکومت چلانے والی بی جے پی نے بلدیاتی انتخابات میں اپنا لوہا منوانے کے لئے خطہ لداخ میں بڑے پیمانے پر مہم چلائی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی ان انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

20 Oct 2018, 2:39 PM

خطہ لداخ میں بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین نے بتایا کہ بھاجپا نے خطہ میں زبردست انتخابی مہم چلائی جس کے دوران پارٹی لیڈران نے ’نئے کرگل‘ ، ’نئے لیہہ‘ اور بالخصوص زوجیلا ٹنل کے نام پر لوگوں سے ووٹ مانگے۔ لیکن رائے دہندگان نے بھاجپا امیدواروں کو مسترد کردیا۔

بتادیں کہ ریاست کی دو بڑی علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کا مطالبہ تھا کہ مرکزی سرکار پہلے دفعہ 35 اے پر اپنا موقف واضح کرے اور پھر وہ کسی انتخابی عمل کا حصہ بنیں گی۔ قومی سطح کی دو جماعتوں سی پی آئی ایم اور بی ایس پی نے بھی ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔