ممبئی گردابی طوفان ’تاؤتے‘ کی زد میں، طوفانی ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری

ممبئی میں بارش کا سلسلہ وفقہ وقفہ سے جاری ہے مگر طوفانی ہوائیں 80-120 کلومیٹر کی رفتار سے جاری رہیں اور متعدد مکانات کی سیمنٹ شیڈ اور چھتیں اڑ گئیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ممبئی: عروس البلاد ممبئی ’تاؤتے‘ نامی گردابی طوفان کی زد میں ہے۔یہاں تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے بحرعرب میں طغیانی اور مدوجزر نے شہریوں کے ہوش اڑادئیے۔ طوفانی ہواؤں اور بارش کے درمیان کونکن میں دو افراد کے فوت ہونے کی اطلاع ہے ۔وہیں بحریہ کے دو جہازوں کی مدد سے او این جی سی کے بمبئی ہائی کے پلیٹ فارم سے 273افراد کو بچایا گیا ہے۔شہر اور مضافات میں سینکڑوں درخت اکھڑ گئے ،جس کا موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر اثر پڑاہے۔این ایس ڈر آر کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

ممبئی میں بارش کا سلسلہ وفقہ وقفہ سے جاری ہے مگر طوفانی ہوائیں 80-120 کلومیٹر کی رفتار سے جاری رہیں اور متعدد مکانات کی سیمنٹ شیڈ اور چھتیں اڑ گئیں۔ٹی وی کی ڈش اور کئی جگہوں پر موبائل ٹاور کو نقصان پہنچا ہے ۔ نوی ممبئی میں ایک نوجوان اور رائے گڑھ میں بھی ایک خاتون دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئی۔فی الحال سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں کی رفتار 120کلومیٹر فی گھنٹہ رہی تھی۔اتوار اور پیر کی نصف شب سے یہ سلسلہ شروع ہوا۔طوفان نے گجرات کی طرف رخ کرلیا ہےاور رات دیر گئے یہ گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کی ہدایت پر سندھودرگ،رتناگیری اور رائے گڑھ کے ساحلی علاقوں سے 12420 افراد کو ہٹالیا گیاہے۔ائیر پورٹ کو پہلے چار بجے اور پھر رات آٹھ بجے تک سبھی پروازوں کے لیے بند کردیاگیاتھا۔ شہر میں پیر کی دوپہر تک 79.4 ایم ایم اور مضافات میں 44.6ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جنوبی اور جنوب وسطی علاقے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔