ممبئی میں پہلی بارش نے بی جے پی مہایوتی کی بدعنوانی کو بے نقاب کر دیا: کانگریس
ممبئی میں پہلی ہی بارش میں سڑکیں، ریل پٹریاں اور اسپتال پانی میں ڈوب گئے۔ کانگریس نے بی جے پی مہایوتی کو مہا بدعنوان اتحاد قرار دیا، حکومت اور بی ایم سی پر شدید تنقید کی

ممبئی میں بارش کے بعد آبی جماؤ کا منظر / آئی اے این ایس
ممبئی: ممبئی میں ہفتے کے آخر پر ہونے والی شدید بارش نے ریاستی حکومت اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سڑکوں، رہائشی سوسائٹیوں، ریل پٹریوں، زیر زمین میٹرو اسٹیشنوں اور یہاں تک کہ اسپتالوں میں بھی پانی بھر گیا، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس صورت حال پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے حکمراں اتحاد، یعنی بی جے پی، شیو سینا (شندے گروپ) اور این سی پی (اجیت پوار گروپ) کو ’مہا بدعنوان اتحاد‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کی حالت کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ مسلسل کرپشن کا نتیجہ ہے۔
سپکال نے سوال اٹھایا کہ اگر ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، تو پہلی ہی بارش میں شہر کیوں ڈوب جاتا ہے؟ ان کے مطابق، مانسون سے قبل بی ایم سی کے ذریعے کیے جانے والے کام محض کاغذی کاروائی ہوتے ہیں اور اصل میں خطیر رقم ٹھیکیداروں اور سیاسی جماعتوں کی جیبوں میں چلی جاتی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اس اتحاد کے امیدواروں کو ووٹ مانگنے کے لیے کشتیوں میں سوار ہو کر جانا پڑے گا۔
کانگریس رہنما نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے بی ایم سی کا 74,427 کروڑ روپے کا بجٹ اب تک کا سب سے بڑا بجٹ ہے، جس میں نالہ صفائی، سڑکوں کی مرمت اور سیوریج پلانٹس کے لیے ہزاروں کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود اگر ممبئی ڈوبی ہوئی نظر آئے، تو یہ بدعنوانی کی بدترین مثال ہے۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی حکومت نے ستارا، پونے، رائے گڑھ اور ممبئی سمیت دیگر متاثرہ اضلاع میں فوری اقدامات کیے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں متحرک ہیں اور کئی مقامات پر پھنسے ہوئے لوگوں کو بچایا گیا ہے۔
بی ایم سی کے مطابق ممبئی میں اب تک 79 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 45 درخت گرنے، 25 جگہ شارٹ سرکٹ اور 9 مقامات پر عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات شامل ہیں۔ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک 24 سالہ نوجوان سائی راج پوار شامل ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ اور شہری اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔