ممبئی: مسجد کی جانب سے رمضان میں غیر مسلم بھائیوں کے لیے بھی کھانے کا انتظام

رمضان کے مقدس ومحترم مہینہ میں غیر مسلم برادران وطن کے لئے بھی کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے اور چار سو سے پانچ سو غیرمسلم پریشان حال بھائیوں کو بھی اس رمضان میں کھانا مہیا کرایا جارہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مشن ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کے تحت خدمت خلق، مزدوروں میں کھانے کی تقسیم اور غریب مجبور خاندانوں میں راشن پہنچانے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا وہ آج بھی جاری ہے اور اس کے تحت مسجد رمضان کے مہینے میں بھی غیر مسلم بھائیوں کے لیے ویج کھانے کا انتظام کر رہی ہے۔

ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جب سے لاک ڈاؤن شروع کیا گیا اس کے دو تین دن بعد سے ہی غریبوں، مزدوروں، بیواؤں اور پریشان حال لوگوں کو مدد پہنچانے کا سلسلہ جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ ساکی ناکہ کی جانب سے جاری ہے۔


ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزانہ مزدوری کرکے کھانے والا طبقہ کافی تنگی اور پریشانی کا شکار ہوگیا جس کو محسوس کرتے ہوئے جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ ساکی ناکہ کے امام وخطیب مولانا عاطف سنابلی نے مشن کوئی بھوکا نہ سوئے کی شروعات کی جس کے تحت بلا تفریق مذہب ومسلک محض انسانیت کی بنیاد پر روزانہ تقریبا ایک ہزار لوگوں کو کھانا مہیا کرانے کے ساتھ مجبور اور پریشان حال مسلم وغیر مسلم خانداںوں کے لئے ضروری اشیائے خوردونوش پر مشتمل تقریباً چارسو راشن کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔

مولانا عاطف سنابلی نے بتایا کہ اسی طرح رمضان میں کھجور، دال، چنا، چاول، آٹا، شکر، چائے پتی اور مسالہ، سوئیں وغیرہ جیسی تقریباً پچیس گھریلو و ماہ رمضان میں لگنے والی دیگر اشیائے ضرورت کے ساتھ ، اور عام راشن کے علاوہ چارسو سے زائد قیمت کے ایک رمضانی کٹ ( رمضانی تحفہ کے نام سے) شہر کے مختلف علاقوں میں ان کے رضاکاراروں نے علاقہ میں گھر گھر بلکہ پورے شہر میں پہنچایا۔


اسی طرح رمضان میں پریشان حال مسلمان رزوے دار بھائیوں کے لئے سحری و بہترین افطاری کا انتظام کیا جا رہا ہے، سماجی دوری کے ساتھ ماسک وغیرہ کی پابندی کے ساتھ روزے داروں کو افطار پہنچا دیا جاتا ہے۔ ان تمام کاموں کے علاوہ رمضان کے مقدس ومحترم مہینہ میں غیر مسلم برادران وطن کے لئے بھی کھانے کا انتظام کیا جارہا ہے اور چار سو سے پانچ سو تک غیرمسلم پریشان حال بھائیوں کے لئے بھی اس رمضان میں کھانا مہیا کرایا جارہا ہے۔

مولانا عاطف سنابلی نے کہا کہ اس عظیم مشن کی کامیابی پر میں سب سے پہلے اللہ کا شکر گزار ہوں اس کے بعد اپنے محسنین و معاونین اور نوجوانوں اور ذمہ داران کا جن کا مکمل سپورٹ اور تعاون حاصل ہے۔ انھوں نے کہ اکہ خدمت خلق اور اللہ کے بندوں، بھوکوں کا سہارا بننا ان کی بھوک مٹانے کے لئے کھانے اور سحری کا انتظام کرنا یہ ہمارے باعث سعادت وشرف ہے جسے ہم ایک مشن سمجھ کر انجام دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔