مختار انصاری کے دونوں بیٹوں کو مئو کورٹ سے مل گئی ضمانت، دونوں نے لی راحت کی سانس

عباس انصاری نے کہا کہ ’’اس معاملے میں میرے علاوہ میرے بھائی اور چچا بھی ملزم تھے، باقی سبھی کی ضمانت ہو چکی تھی، ہم لوگوں کی ضمانت بچی ہوئی تھی، اور آج ہمیں بھی ضمانت مل گئی۔‘‘

عباس انصاری/  ویڈیو گریب
عباس انصاری/ ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی مختار انصاری کے دونوں بیٹوں عباس انصاری اور عمر انصاری نے اس وقت راحت کی سانس لی جب مئو کی ایک عدالت سے انھیں ضمانت مل گئی۔ مختار انصاری کے بڑے بیٹے مئو صدر سیٹ سے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے رکن اسمبلی ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ چھوٹے بھائی عمر انصاری پر 2022 کے اسمبلی انتخاب کے دوران بغیر اجازت جلوس نکالنے اور بھیڑ جمع کرنے کو لے کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں مئو کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کی جج شویتا چودھری نے دونوں بھائیوں کو ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملے میں یہ مقدمہ انتخاب کے وقت مئو شہر کوتوالی میں عباس انصاری اور ان کے چھوٹے بھائی سمیت کچھ دیگر لوگوں کے خلاف بھی درج کیا گیا تھا۔ آج جب اس معاملے میں سماعت ہو رہی تھی تو عباس انصاری کے کورٹ روم میں موجودگی کے وقت کچہری احاطہ کے اندر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ ضمانت ملنے کے بعد عدالت سے باہر نکلے عباس انصاری نے کہا کہ ’’ضمانتی دفعات میں وارنٹ تھا۔ اسی کے لیے عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اب انصاف مل گیا ہے۔‘‘


عباس انصاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس معاملے میں میرے علاوہ میرے بھائی اور چچا بھی ملزم تھے۔ باقی سبھی کی ضمانت ہو چکی تھی۔ ہم لوگوں کی ضمانت بچی ہوئی تھی، اور آج ہمیں بھی ضمانت مل گئی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔