باندہ جیل میں قید مختار انصاری کی طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل، زہر دینے کا الزام!

جیل میں قید مختار انصاری کی حالت بگڑ گئی ہے اور انہیں میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ مختار نے الزام لگایا ہے انہیں زہر دیا گیا ہے، مگر جیل انتظامیہ نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے

<div class="paragraphs"><p>مختار انصاری فائل فوٹو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

مختار انصاری فائل فوٹو، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: یوپی کی باندہ جیل میں قید زورآور لیڈر مختار انصاری کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق مختار انصاری میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ تاہم ضلعی انتظامیہ، پولیس انتظامیہ اور جیل انتظامیہ نے مختار کی صحت کے حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ دو روز قبل مختار انصاری کے حفاظتی انتظامات میں غفلت برتنے پر ایک جیلر اور دو ڈپٹی جیلروں کو معطل کیا گیا تھا۔

قبل ازیں، مختار انصاری نے الزام لگایا تھا کہ انہیں جیل میں ’سلو پوائزن‘ (ہلکا زہر) دیا گیا تھا۔ 21 مارچ کو جب مختار انصاری بارہ بنکی کی ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں مشہور ایمبولینس کیس میں پیش ہو رہے تھے تو ان کے وکیل نے عدالت میں درخواست دی، جس میں مختار نے کہا، ’’19 مارچ کی رات میرے کھانے میں زہریلی چیز ڈال دی گئی، جس کی وجہ سے میری طبیعت خراب ہو گئی۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرا دم گھٹنے والا ہے اور میں بہت گھبراہٹ محسوس کر رہا ہوں۔ برائے مہربانی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دے کر میرا علاج کرائیں۔ 40 دن پہلے بھی میرے کھانے میں زہریلی چیز ملائی گئی تھی۔‘‘


اس کے بعد عدالت نے مختار کے چیک اپ کے لیے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کو جیل بھیج دیا جس میں ایک فزیشن اور ایک آرتھوپیڈک ماہر ڈاکٹر شامل تھا۔ ٹیم نے چیک اپ کے بعد خون کا ٹیسٹ کروایا۔ رپورٹ آئی تو قبض اور درد کی کچھ دوائیں بھی دی گئیں۔

ڈاکٹروں نے جیل انتظامیہ کو بتایا کہ ایسا روزے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہیں پورا دن بھوکا رہنے کے بعد اچانک زیادہ کھانا کھانے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔ فی الحال، ان کا علاج جاری ہے۔ جیل انتظامیہ نے مختار انصاری کی میڈیکل رپورٹ عدالت کو بھجوا دی ہے۔

وہیں، باندہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے مختار انصاری کو ہلکا زہر دینے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کانسٹیبل اور پھر ڈپٹی جیلر کھانا کھاتے ہیں جس کے بعد مختار کو دیا جاتا ہے۔ جیل کے 900 قیدی بھی یہی کھانا کھاتے ہیں۔ ایسے الزامات بے بنیاد ہیں۔ سیکورٹی انتظامات کی بات کریں تو سی سی ٹی وی کے ساتھ سول اور پی اے سی کی جانب سے سخت سیکورٹی ہے۔ میں خود نگرانی کرتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔