مختار عباسی نقوی اور آر سی پی سنگھ نے مودی کابینہ سے دیا استعفیٰ

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، ذرائع کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد انھوں نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

مختار عباس نقوی اور آر سی پی سنگھ
مختار عباس نقوی اور آر سی پی سنگھ
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، ذرائع کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد انھوں نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ نقوی کے علاوہ جنتا دل یو کوٹہ سے وزیر بنے آر سی پی سنگھ نے بھی مودی کابینہ سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نہ ہی بی جے پی نے مختار عباس نقوی کو اور نہ ہی جنتا دل یو نے آر سی پی سنگھ کو اس بار راجیہ سبھا بھیجا ہے۔ دونوں کی ہی مدت کار 7 جولائی کو راجیہ سبھا میں ختم ہو رہی ہے۔

بہرحال، آج کابینہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے مختار عباس نقوی کے تعاون کی تعریف کی۔ آر سی پی سنگھ کے ذریعہ کیے گئے کاموں کی بھی وزیر اعظم نے تعریف کی اور کہا کہ دونوں ہی وزراء کا سیاست میں تعاون انتہائی اہم ہے۔ اس سے قبل بدھ کی دوپہر نقوی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر جا کر پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا سے بھی ملاقات کی تھی۔ دراصل مرکزی وزیر ہونے کے ساتھ ساتھ مختار عباس نقوی راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر کی بھی ذمہ داری سنبھال رہے تھے، اور اب یہ ذمہ داری کسی دیگر لیڈر کو سونپی جائے گی۔


مختار عباس نقوی کے ذریعہ کابینہ سے استعفیٰ دینے کے بعد ایک بار پھر سے ان کے سیاسی مستقبل کو لے کر قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ حالانکہ رسمی طور پر پارٹی یا حکومت کی طرف سے ان کے مستقبل کے کردار کو لے کر کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی یا حکومت کی طرف سے جلد ہی انھیں کوئی بڑی ذمہ داری دیئے جانے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔