بھارت جوڑو یاترا کے دوران رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا انتقال، کانگریس لیڈران کا اظہار افسوس

سنتوکھ سنگھ کے انتقال کے سبب راہل گاندھی کی کل جالندھر میں ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے اب یہ پریس کانفرنس 17 جنوری کو ہوشیارپور میں ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا سنیچر کی صبح بھارت جوڑو یاترا کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ سنتوکھ سنگھ کی عمر 76 سال کی تھی اور وہ جالندھر سے لوک سبھا کے رکن تھے۔ سنتوکھ سنگھ کے انتقال کے سبب راہل گاندھی کی کل جالندھر میں ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے اب یہ پریس کانفرنس 17 جنوری کو ہوشیارپور میں ہوگی۔ اس کے علاوہ سنتوکھ سنگھ کے اعزاز میں بھارت جوڑو یاترا کو ایک دن کے لئے روک دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، سنتوکھ سنگھ کے انتقال پر کانگریس کے لیڈران نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سنتوکھ سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ہمارے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال کے بارے میں جان کر گہرا صدمہ اور افسوس ہوا۔ ان کی رحلت پارٹی اور تنظیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں میرا دل ان کے اہل خانہ، دوستوں اور پیروکاروں کے ساتھ ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘


کانگریس کی ’بھارت جوڑ یاترا‘ کی قیادت کر رہے پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال سے میں صدمہ میں ہوں۔ وہ زمین سے جڑے محنتی، ایک نیک انسان اور کانگریس خاندان کے مضبوط ستون تھے، جنہوں نے یوتھ کانگریس سے پارلیمنٹ تک اپنی زندگی کو عوامی خدمات میں وقف کر دیا۔ میں غمزدہ اہل خانہ کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘

پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’جالندھر کے ایم پی سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ سنتوکھ سنگھ کانگریس کے نظریے کے لیے ایک وقف لیڈر اور سچے عوامی خدمت گار تھے۔ ان کے انتقال سے انڈین نیشنل کانگریس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ خدا مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ عطا فرمائے۔‘‘


وہیں، کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’کانگریس کے 76 سالہ رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا آج صبح بھارت جوڑو یاترا کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ہم ان کے خاندان سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔