یو پی: سبزی فروش فیصل کے قتل پر رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ ناراض، سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

سنجے سنگھ لکھنؤ میں عآپ کی جانب سے آکسیجن کنسنٹریٹر بینک کا آغاز کر رہے تھے، تو انھوں نے اناؤ میں پولیس کی پٹائی سے مارے گئے سبزی فروش فیصل سے متعلق اپنا رد عمل لوگوں کے سامنے ظاہر کیا۔

سنجے سنگھ، تصویر سوشل میڈیا
سنجے سنگھ، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت میں مسلمانوں پر مظالم کوئی نئی بات نہیں ہے، لیکن محض 26 سالہ سبزی فروش فیصل کی موت نے سبھی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ مبینہ طور پر پولیس کی پٹائی سے ہلاک فیصل کو لے کر عآپ لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ بھی کافی ناراض ہیں اور انھوں نے اس پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آج جب سنجے سنگھ لکھنؤ میں عآپ کی جانب سے آکسیجن کنسنٹریٹر بینک کا آغاز کر رہے تھے، تو انھوں نے اناؤ میں پولیس کی پٹائی سے مارے گئے سبزی فروش فیصل سے متعلق اپنا رد عمل لوگوں کے سامنے ظاہر کیا۔ انھوں نے فیصل کی موت سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ اتر پردیش کی یوگی حکومت میں نظامِ قانون نام کی کوئی چیز نہیں بچی ہے۔ کورونا کے تعلق سے بھی انھوں نے کہا کہ یوگی حکومت اس وبا پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ہے اور یہی وجہ ہے کہ کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


واضح رہے کہ فیصل نامی ایک نوجوان کو پولیس اہلکاورں نے اتنا پیٹا کہ اس کی جان چلی گئی۔ فیصل کا ’جرم‘ محض اتنا تھا کہ وہ اپنے کنبہ کا پیٹ پالنے کے لئے لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باوجود سبزی فروخت کر رہا تھا۔ اس معاملہ کے دو ملزمان سپاہیوں اور ایک ہوم گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اے ایس پی ششی شیکھر کے مطابق لاک ڈاؤن کی عمل آوری کے تحت ایک نوجوان کو تھانہ میں لایا گیا تھا، جہاں اس کی طبیعت بگڑ گئی اور اسپتال لے جاتے وقت اس کی موت واقع ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔