مدھیہ پردیش: شیوراج حکومت کے خلاف 13 مارچ کو کانگریس کا عظیم الشان مارچ، سڑک پر اتریں گے سرکردہ لیڈران

راجیو سنگھ کے مطابق مرکز کے ذریعہ صنعت کار گوتم اڈانی کی حمایت میں اپنائی گئی کرونی کیپٹلزم پالیسی سے پیدا معاشی بحران سے غریب اور متوسط طبقہ کے کروڑوں ہندوستانیوں کی بچت جوکھم میں پڑ گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں رواں سال ہونے والے انتخاب کے لیے سیاسی پارٹیوں کی قدم تال تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس مختلف عوامی ایشوز کو لے کر 13 مارچ کو سڑکوں پر اترے گی اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ اس مظاہرہ میں کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران بھی موجود رہنے والے ہیں۔

ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور تنظیم انچارج راجیو سنگھ اور ریاستی کانگریس میڈیا سیل سربراہ کے کے مشرا نے بتایا ہے کہ 13 مارچ کو دوپہر 12 بجے بڑی تعداد میں ریاست بھر کے سبھی سینئر لیڈران، اراکین اسمبلی اور کانگریس کارکنان جواہر چوک پر جمع ہو کر پیدل مارچ کرتے ہوئے راج بھون کے گھیراؤ کے لیے نکلیں گے۔


کانگریس لیڈر کے مطابق ’’مرکز کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ صنعت کار گوتم اڈانی کی حمایت میں اپنائی گئی کرونی کیپٹلزم پالیسی سے پیدا ہوئے معاشی بحران سے غریب و متوسط طبقہ کے کروڑوں ہندوستانیوں کی بچت جوکھم میں پڑ گئی ہے۔ ملک میں بے تحاشہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ریاست میں پیدا بے روزگاری، تناؤ کے شکار کسان، ایس سی-ایس ٹی، پسماندہ طبقہ، اقلیتی طبقہ اور خواتین پر مظالم بڑھ رہے ہیں۔ عصمت دری، اجتماعی عصمت دری اور اس کے بعد بے رحمانہ قتل، تباہ نظامِ قانون، ڈکیتی سمیت بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب عوام پریشان ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نظریہ آئینی اداروں کا غلط استعمال اور ان کی شبیہ خراب کرنے پر آمادہ ہے۔ لہٰذا کانگریس کی ہدایت پر راج بھون گھیراؤ-عظیم الشان مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔‘‘

گھیراؤ پروگرام میں ریاستی کانگریس صدر اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، کانگریس انچارج جنرل سکریٹری، سابق رکن پارلیمنٹ جے پی اگروال سمیت کانگریس کے سبھی سینئر لیڈران، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، ریاستی کانگریس کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود رہیں گے۔


ریاستی کانگریس لیڈران کے مطابق سبھی ضلع انچارج، شریک انچارج اور سبھی ضلع و شہر کانگریس کمیٹی کے صدور سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے سبھی ساتھیوں، خصوصاً بلاک کانگریس صدور، ڈویژن اور سیکٹر کانگریس صدور، محکموں و سیل، مقامی اداروں کے عوامی نمائندوں سمیت سبھی کانگریس کارکنان سے کہا گیا ہے کہ وہ راج بھون گھیراؤ-عظیم الشان مارچ میں اپنی موجودگی یقینی کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔