مدھیہ پردیش: بی جے پی ارکان اسمبلی کو 15 کروڑ کی ترقیاتی رقم، اپوزیشن محروم، کانگریس کا الزام
جیتو پٹاری نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا، بی جے پی ارکان اسمبلی کو 15 کروڑ دیے جا رہے ہیں، جبکہ کانگریس ممبران اسمبلی کو اس سے محروم رکھا جا رہا ہے

بھوپال: مدھیہ پردیش میں کانگریس نے ریاستی حکومت پر اپوزیشن ارکان اسمبلی کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔ ریاستی صدر جیتو پٹاری نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کو خط لکھ کر کہا ہے کہ حکومت بی جے پی ایم ایل ایز کو 15 کروڑ روپے کی ترقیاتی رقم دے رہی ہے، جبکہ کانگریس کے عوامی نمائندے اس فنڈ سے محروم ہیں۔
پٹاری نے الزام لگایا کہ یہ عمل نہ صرف عوامی نمائندوں کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ جمہوری اقدار کی خلاف ورزی بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس کے حلقوں میں بھی ٹیکس دہندگان رہتے ہیں، جنہیں مساوی ترقیاتی فوائد ملنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی ایم ایل ایز کو دی جانے والی ترقیاتی رقم میں 30 سے 40 فیصد تک کرپشن اور کمیشن میں چلی جاتی ہے۔ ان کے مطابق، ایک لاکھ روپے میں سے صرف 30 سے 35 ہزار روپے ہی ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوتے ہیں، جبکہ باقی رقم کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے۔
جیتو پٹاری نے مطالبہ کیا کہ تمام ایم ایل ایز کو سیاسی وابستگی سے قطع نظر مساوی طور پر 15 کروڑ روپے کی رقم دی جائے۔ ساتھ ہی فنڈز کے اخراجات میں شفافیت لائی جائے تاکہ بدعنوانی پر روک لگائی جا سکے۔
اس معاملے پر کانگریس کے ایم ایل اے اور سابق وزیر جے وردھن سنگھ نے بھی حکومت پر تعصب برتنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے ایوان میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا اور بی جے پی حکومت پر کرپشن کا الزام لگایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔