اَب ماؤنٹ ایوریسٹ پر پھیلا کورونا! کئی کوہ پیما کی شکایت کے بعد خوف

ماؤنٹ ایوریسٹ بیس کیمپ میں کورونا معاملوں کی خبریں بین الاقوامی سرخیاں بٹور رہی ہیں، لیکن نیپال کے افسران اس تعلق سے کوئی واضح جواب نہیں دے رہے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

موسمِ بہار ختم ہوتے ہی دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرنے کے لیے نکلے کوہ پیماؤں اور مہم جوؤں نے کووڈ-19 انفیکشن پھیلنے کی اطلاع دی ہے۔ حالانکہ نیپالی محکمہ سیاحت کے ایک افسر نے اس طرح کی خبروں کی تردید کی ہے۔ افسر کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ابھی تک انھیں کوئی تحریری رپورٹ نہیں ملی ہے۔

خبر رساں ادارہ سنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کے سابق پیشہ ور رگبی کھلاڑی ڈیمین براؤن نے 22 مئی کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ ان کی ٹیم کے چار کوہ پیما کورونا سے متاثر ہیں۔ انھوں نے لکھا تھا کہ ’’ٹیم کے چار اراکین کو نکالا اور آئسولیٹ کیا گیا۔ میرے سمیت دو میں علامتیں ہیں اور دو میں نہیں ہیں۔‘‘ انھوں نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’میرے لیے یہ جاننا کہ مجھے کورونا ہے، ایک طرح سے راحت کی بات تھی اور میرے پاس کئی سوالوں کے جواب تھے، لیکن جن لوگوں میں کووڈ کی کوئی علامت نہیں نظر آئی، ان کے لیے یہ کوارنٹائن مایوس کن ہونا چاہیے۔‘‘


کوہ پیمائی کی مہم چلانے والی کمپنی کلمبنگ دی سیون سمٹس (سی ٹی ایس ایس) نے براؤن سمیت ان کی ٹیم کے لیے کوہ پیمائی کا انعقاد کیا تھا۔ سی ٹی ایس ایس کے ایک مقامی رکن ٹی اے جی نیپال نے بھی چار کوہ پیما کے کورونا متاثر ہونے کی تصدیق کی۔ ٹی اے جی نیپال کے ڈائریکٹر ساگر پوڈیل نے پیر کو سنہوا کو بتایا کہ براؤن اور تین دیگر نے پولیمریز چین ریئکشن (پی سی آر) ٹیسٹ میں پازیٹو رپورٹ حاصل کی ہے۔

ساگر پوڈیل نے کہا کہ ’’درحقیقت مہم میں شامل ٹیم کے 11 اراکین جنھیں ریپڈ ٹیسٹ کٹ کے ساتھ پازیٹو پایا گیا تھا، انھیں کاٹھمنڈو لایا گیا ہے۔ حالانکہ ان میں سے صرف چار کے پی سی آر ٹیسٹ میں پازیٹو ریزلٹ برآمد ہوئے ہیں۔‘‘ سی ٹی ایس ایس مہم سے کل 39 کوہ پیما ایوریسٹ کی چوٹی پر پہنچے تھے۔ پوڈیل نے کہا کہ اب تک 10 نے پہلے ہی دنیا کی سب سے اونچی چوٹی پر چڑھائی کر لی ہے، جن میں سے کم از کم ایک کو انٹیجن ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا تھا، لیکن بعد میں پی سی آر میں نگیٹو ریزلٹ برآمد ہوئے۔


قابل غور بات یہ بھی ہے کہ 15 مئی کو آسٹریا واقع کوہ پیمائی مہم کمپنی فرٹین بیک ایڈونچرس کے منیجنگ ڈائریکٹر لوکاس فرٹین بیک نے اعلان کیا کہ فرم نے ماؤنٹ ایوریسٹ کے لیے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی کے بیس کیمپ پر بڑھتے کورونا وائرس انفیکشن کے سبب اپنی موجودہ مہم کو رد کر دیا ہے۔ فرٹین بیک اس وقت کاٹھمنڈو میں ہیں۔ انھوں نے سنہوا کو بتایا کہ انھوں نے اتوار کو نیپالی افسران کو بیس کیمپ میں کورونا وائرس سے متاثر کوہ پیما ہونے کے ثبوت پیش کیے۔ انھوں نے کہا کہ ثبوتوں سمیت پوری رپورٹ جمع کرنے کے لیے کہنے کے بعد میں نے محکمہ سیاحت کو 10 متاثرین کے ثبوت پیش کیے۔

فرٹین بیک کے مطابق ڈاکٹروں، بیمہ کمپنیوں، کوہ پیمائی مہم کے لیڈروں اور خود نکالے گئے کوہ پیماؤں کے ذریعہ کم از کم 100 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان کی ٹیم کے آٹھ اراکین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ دیگر ٹیموں میں 30 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔