بابا رام دیو کی ’کورونیل کِٹ‘ پر پھر تنازعہ، انل وِج نے کیا ایک لاکھ کِٹ خریدنے کا فیصلہ، آئی ایم اے نے لگائی پھٹکار

انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن (آئی ایم اے) کے ریاستی صدر ڈاکٹر کرن پونیا کا کہنا ہے کہ ’’اگر کورونیل کی خریداری ہوتی ہے تو یہ پیسے کی بربادی کے ساتھ ساتھ کورونا مریضوں کی جان سے بھی کھلواڑ کرنا ہوگا۔‘‘

بابا رام دیو، تصویر آئی اے این ایس
بابا رام دیو، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا بحران میں حالات پر قابو پانے کے لیے ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے بابا رام دیو کی ایک لاکھ ’کورونیل کِٹ‘ خریدنے کا فیصلہ لیا ہے، اور اس خبر کے پھیلنے کے بعد ایک بار پھر ’کورونیل‘ کو لے کر ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ دراصل ہریانہ کے وزیر صحت انل وِج نے ایک بیان دیا تھا جس میں انھوں نے بابا رام دیو کی ایک لاکھ کورونیل کِٹ خریدنے کی بات کہی تھی۔ آئی ایم اے (انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن) وزیر صحت کے اس فیصلے سے انتہائی ناراض ہے اور سخت الفاظ میں انل وِج کو پھٹکار بھی لگائی ہے۔

آئی ایم اے نے انل وِج کے فیصلے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کورونیل کو مہلک بتایا ہے اور اس پر بے وجہ پیسہ برباد نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ایک لاکھ کورونیل کِٹ خریدتی ہے تو یہ پوری طرح سے پیسے کی برباد ہے، اس معاملے میں از سر نو غور کیا جانا چاہیے۔


واضح رہے کہ جب سے کورونا وبا نے ہندوستان میں قدم رکھا ہے، اس وقت سے بابا رام دیو اس کے علاج کے لیے دوا بنانے میں مصروف ہو گئے، اور پھر سب سے پہلے دوا بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔ لیکن بابا رام دیو کی اس کورونیل دوا پر پہلے دن سے ہی سوال اٹھنے شروع ہو گئے۔ اب جب کہ وزیر صحت انل وِج نے کورونیل دوا کی ایک لاکھ کِٹ خرید کر مریضوں میں مفت تقسیم کرنے کی بات کہی اور اس تعلق سے ٹوئٹ کیا، تو تنازعہ ایک بار پھر شروع ہو گیا۔ ایک طرف انل وِج کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بابا رام دیو نے اسے قابل تعریف فیصلہ قرار دیا، اور دوسری طرف آئی ایم اے نے اسے پوری طرح سے غلط ٹھہرایا۔

انل وِج کے فیصلے پر آئی ایم کے ریاستی صدر ڈاکٹر کرن پونیا نے از سر نو غور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کورونیل کہیں سے بھی ایپرووڈ دوا نہیں ہے۔ ایسے میں اس کی ایک لاکھ کِٹ خریدنے پر نصف پیسہ خرچ کرنا بھی بربادی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آئی ایم اے نے آر ٹی آئی لگائی تھی جس میں بابا رام دیو کے ذریعہ کورونیل کو ڈبلیو ایچ او سے منظوری کا دعویٰ بھی فرضی نکلا ہے۔ اگر کورونیل کی خریداری ہوتی ہے تو یہ پیسے کی بربادی کے ساتھ ساتھ کورونا مریضوں کی جان سے بھی کھلواڑ کرنا ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */