بہار میں ووٹر لسٹ سے ہٹائے جائیں گے 35 لاکھ سے زیادہ نام، ایس آئی آر کے تحت اب تک 83.66 فیصد فارم حاصل

ووٹر لسٹ سے نام ہٹائے جانے والوں میں وہ لوگ شامل ہیں جو یا تو مردہ پائے گئے ہیں، مستقل طور سے دیگر مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں یا جن کا نام ایک سے زیادہ جگہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) مہم جاری ہے۔ اب تک کے عمل کے تحت 35 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام لسٹ سے ہٹایا جانا طے ہے۔ ان میں وہ لوگ شامل ہیں جو یا تو مردہ پائے گئے ہیں، مستقل طور سے دیگر مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں یا جن کا نام ایک سے زیادہ جگہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے پیر کو بتایا کہ بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کے دوران اب تک 83.66 فیصد پُر کیے ہوئے فارم حاصل ہو چکے ہیں۔

کمیشن کے مطابق اب تک کے اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے کہ 1.59 فیصد (1255620) ووٹر مردہ پائے گئے ہیں، جبکہ 2.2 فیصد (1737336) ووٹر مستقل طور سے دیگر مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 0.73 فیصد (576479) ووٹر ایک سے زیادہ مقامات پر رجسٹرڈ ہیں۔ کمیشن کے مطابق ان اعداد و شمار کی بنیاد پر کُل 35,69,435 نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے جائیں گے۔ یہ تعداد حتمی نہیں ہے اور آئندہ دنوں میں اس میں اضافہ ممکن ہے، کیونکہ اب بھی فارم بھرنے کا عمل جاری ہے۔


الیکشن کمیشن نے جانکاری دی کہ ریاست میں کُل 7,89,69,44 ووٹروں میں سے اب تک 6,60,67,208 ووٹروں کے فارم حاصل ہو چکے ہیں۔ اب صرف 11.82 فیصد ووٹر ہی بچے ہیں، جنہیں فارم بھرنے کا عمل پورا کرنی ہے۔ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ تک ابھی 11 دن باقی ہیں۔ اب صرف 11.82 فیصد ووٹروں کے ذریعہ فارم جمع کیا جانا باقی ہے۔ ان میں سے کئی نے آنے والے دنوں میں دستاویزوں کے ساتھ فارم جمع کرنے کے لیے وقت مانگا ہے۔ کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذریعہ حال ہی میں لانچ کیے گئے ای سی آر- نیٹ پلیٹ فارم پر پیر کی شام 6 بجے تک 5.74 کروڑ فارم اپلوڈ کیے جا چکے ہیں۔

کمیشن نے یقین دلایا ہے کہ ’کوئی بھی اہل ووٹر چھوٹ نہ جائے‘ یقینی کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کوشش کی جا رہی ہے۔ جلد ہی ایک لاکھ بی ایل او (بوتھ سطح کے آفیسر) گھر گھر جا کر تیسرے راؤنڈ کا دورہ شروع کریں گے۔ ان کے ساتھ 1.5 لاکھ بی ایل اے (بوتھ لیول ایجنٹ) بھی تعاون کر رہے ہیں، جو روزانہ 50 فارم تصدیق اور جمع کر سکتے ہیں۔ شہری علاقوں کے ووٹروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے بہار کے 261 شہری مقامی بلدیات (یو ایل بی) کے 5683 وارڈوں میں خصوصی کیمپ لگائے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی شہری رائے دہندگان ووٹر لسٹ میں نام جڑوانے سے محروم نہ رہ جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔