وادی کشمیر میں ماہِ صیام کا مسلح تشدد سے آغاز، 4 ملی ٹینٹ اور ان کا ایک ’کٹر ساتھی‘ ہلاک

جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو مسلح تشدد کے دو الگ الگ واقعات میں چار ملی ٹینٹ اور پولیس کے دعوے کے مطابق ملی ٹینٹوں کا ایک کٹر حامی و ساتھی مارا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں ماہِ صیام کا آغاز مسلح تشدد سے ہوا ہے۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو مسلح تشدد کے دو الگ الگ واقعات میں چار ملی ٹینٹ اور پولیس کے دعوے کے مطابق ملی ٹینٹوں کا ایک کٹر حامی و ساتھی مارا گیا۔ اس دوران جموں وکشمیر پولیس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے جن میں اغوا کاروں سے بازیاب کرائے جانے والا ریلوے پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے گوری پورہ اونتی پورہ میں جمعہ کی رات دیر گئے چھڑنے والا مسلح تصادم ہفتہ کی علی الصبح دو ملی ٹینٹوں اور ان کے ایک کٹر ساتھی کی ہلاکت پر ختم ہو گیا۔

قبل ازیں ضلع کولگام کے ہیرپورہ فرصل میں ہونے والے شوٹ آوٹ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مہلوک ملی ٹینٹوں نے جس ریلوے پولیس اہلکار کو اغوا کیا تھا اسے بچایا گیا ہے۔ تاہم شوٹ آوٹ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار میں وہ بھی شامل ہے۔


سرکاری ذرائع نے پلوامہ تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اونتی پورہ کے گوری پورہ نامی گائوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 50 آر آر، اونتی پورہ پولیس اور سی آر پی ایف نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جو دو ملی ٹینٹوں اور ان کے ایک کٹر ساتھی کی ہلاکت پر ختم ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔


دریں اثنا آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کولگام شوٹ آوٹ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملی ٹینٹوں نے گذشتہ شام شر پورہ فرصل سے ریلوے پولیس کے ایک اہلکار کو اغوا کیا۔ انہوں نے کہا ’’اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے سیکورٹی ناکوں کو الرٹ کیا۔ ریلوے پولیس اہلکار کو اغوا کرنے والے ملی ٹینٹوں کی گاڑی جب ہیر پورہ نامی گائوں پہنچی تو وہاں پولیس اور فوج کی فرسٹ آر آر نے اس گاڑی کو روکا جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔‘‘

آئی جی پی نے کہا کہ گولیوں کے تبادلے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے اور مغوی اہلکار سمیت پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ دریں اثنا دونوں مسلح وارداتوں کے حوالے سے متعلقہ علاقوں کے پولیس تھانوں میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Apr 2020, 11:40 AM