مزید کئی ریاستوں میں مانسون کی دستک، دہلی و ہریانہ میں شدید گرمی جاری

محکمہ موسمیات کے ذریعہ جاری رپورٹ کے مطابق اب مانسون کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ اور گوا کے ساتھ ہی شمال مشرقی ہندوستان کی ریاستوں میں پوری طرح سرگرم ہو چکا ہے۔

دہلی میں شدید گرمی
دہلی میں شدید گرمی
user

قومی آوازبیورو

دھیرے دھیرے مانسون ایک ریاست سے دوسری ریاست میں اپنے پاؤں پسار رہا ہے۔ آج بھی کئی ریاستوں میں مانسون نے دستک دی جس کی وجہ سے گرمی کی شدت سے لوگوں کو راحت ملی۔ آئی ایم ڈی نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون بحر عرب کے مزید کچھ حصوں، گجرات کے کچھ حصوں، کونکن، وسط مہاراشٹر کے بیشتر حصوں، مراٹھواڑہ، کرناٹک، تلنگانہ، رائل سیما کے کچھ حصوں، تمل ناڈو کے مزید کچھ حصوں، بنگال کے بیشتر حصوں اور بہار کے کچھ حصوں میں آگے بڑھا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بحر عرب کے اوپر جنوب مغربی مانسون کے آگے بڑھنے کے ساتھ ہی مغربی ہندوستان کے کئی حصوں جیسے مدھیہ پردیش، وِدربھ، وسطی مہاراشٹر، کونکن اور گوا، سوراشٹر اور کَچھ میں آئندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ذریعہ جاری رپورٹ کے مطابق اب مانسون کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ اور گوا کے ساتھ ہی شمال مشرقی ہندوستان کی ریاستوں میں پوری طرح سرگرم ہو چکا ہے۔ آندھرا پردیش، تلنگانہ اور گجرات میں بھی مانسون کی دستک ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں شمال مشرق سے آگے بڑھا مانسون اب مغربی بنگال اور بہار میں بھی دستک دے چکا ہے۔ کچھ گھنٹوں میں پٹنہ کے آس پاس مانسون کے سرگرم ہونے کی امید ہے۔


شمال مشرقی ہند کے کچھ حصوں جیسے سکم، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، آسان، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی ہے۔ وہیں کیرالہ کے کچھ حصوں اور جنوبی ہند کے ساحلی کرناٹک میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی جزیرہ نما ساحل پر بھاری بارش مزید دو دنوں تک جاری رہنے کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال مشرقی اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں زوردار بارش کا سلسلہ آئندہ پانچ دنوں تک جاری رہنے کا اندازہ ہے۔

اس درمیان موسم کی پیشین گوئی کرنے والی ایک کمپنی نے بتایا کہ شمالی ہند کے کچھ حصوں جیسے دہلی، ہریانہ، جنوب مشرقی اتر پردیش میں گرم لہر چل رہی ہے۔ اس شدت کی گرمی نے عوام کو بے حال کر رکھا ہے اور دفاتر جانے والوں کے ساتھ ساتھ مزدوری کرنے والے لوگوں کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ شمالی ہند کے دیگر حصوں جیسے جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور شمالی ہریانہ میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں تمل ناڈو، جنوب مشرقی راجستھان، اتر پردیش، جھارکھنڈ اور گنگا ندی والے مغربی بنگال کے علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔