’مودی جی، آپ کی ساکھ کتنی گری؟‘ روپے کی قدر اب تک کی نچلی سطح پر پہنچنے کے بعد کانگریس کا تلخ سوال

جمعہ کے روز ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 93 پیسے کی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔ ڈالر کے مقابلہ روپیہ آج 89 کی سطح کو پار کر سب سے نچلی سطح 89.61 روپے پر بند ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’جس طرح سے ڈالر مضبوط ہو رہا ہے، روپیہ کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں عالمی تجارت میں ہندوستان ٹک نہیں پائے گا۔ ہمارے کاروباری اس بوجھ کو برداشت نہیں کر پائیں گے، لیکن دہلی کی حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بیان 2014 میں ہوئے لوک سبھا انتخاب سے قبل یو پی اے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے دیا تھا۔ آج ان کا یہی بیان خود انھیں کٹہرے میں کھڑا کر رہا ہے۔ آج جب ڈالر کے مقابلے روپیہ اپنی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے، تو کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر پی ایم مودی کی پرانی ویڈیو شیئر کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس نے پی ایم مودی کی ویڈیو تو شیئر کی ہی ہے، ساتھ ہی ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں روپے کی قدر نچلی سطح پر پہنچنے پر وزیر اعظم سے تلخ سوال بھی کیا ہے۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’روپیہ اب تک کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ 1 ڈالر = 89.49 روپے۔‘‘ اس کے آگے پارٹی نے لکھا ہے ’’نریندر مودی کا کہنا تھا– جیسے جیسے روپیہ گرتا ہے، وزیر اعظم کی ساکھ گرتی ہے۔‘‘ پھر یہ تلخ سوال کیا ہے کہ ’’مودی جی، آپ کی ساکھ کتنی گری؟‘‘


قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے جب یہ پوسٹ جاری کیا تھا تو ایک ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر 89.49 تھی، لیکن دن کے آخر میں ایک ڈالر کے مقابلے روپیہ جمعہ کو 93 پیسے کی بڑی گراوٹ کے ساتھ 89.61 پر بند ہوا۔ گزشتہ 3 ماہ میں روپے میں ایک دن کے اندر یہ سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ کاروباری بے یقینی کے درمیان گھریلو اور عالمی بازاروں سے ملے منفی اشاروں کے ساتھ روپے کی قدر میں یہ گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ بیرون ملکی کرنسی تجزیہ کاروں کے مطابق جوکھم سے بچنے کی سوچ کے درمیان عالمی آئی ٹی شیئرس میں بھاری بکوالی اور مجوزہ ہند-امریکہ کاروباری معاہدہ کو لے کر وضاحت کی عدم موجودگی کے سبب روپیہ گر گیا۔