یونیورسٹیوں میں مودی حکومت کی ’پوسٹر پالیٹکس‘ شرمناک: این ایس یو آئی

این ایس یو آئی اس بات سے ناراض ہے کہ اس نے کئی مواقع پر مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے طلبا کو ٹیکہ لگایا جائے تاکہ تعلیمی ادارے کھل سکیں، لیکن اس سلسلے میں کوئی پیش قدمی نہیں ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

یو جی سی کے ذریعہ یونیورسٹیوں میں ٹیکہ کاری کو لے کر پی ایم مودی کا شکریہ ادا کرنے والے بینرس لگانے کی ہدایت پر ہنگامہ برپا ہے۔ اس سلسلے میں این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یوین آف انڈیا) نے ایک سخت مذمتی بیان جاری کیا ہے جس میں سوال اٹھایا ہے کہ آخر وزیر اعظم کا شکریہ کس لیے ادا کیا جائے!

این ایس یو آئی اس بات سے کافی ناراض ہے کہ اس نے کئی مواقع پر مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے طلبا کو ٹیکہ لگایا جائے تاکہ تعلیمی ادارے کھل سکیں اور طلبا کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو، لیکن اس سلسلے میں کوئی پیش قدمی نہیں کی گئی اور اب یو جی سی نے ٹیکہ کاری کو لے کر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنے والا بینر لگانے کی ہدایت یونیورسٹیوں کو دی ہے۔ این ایس یو آئی ے قومی صدر نیرج کندن نے اس عمل کو ’مودی حکومت کی بے شرمی‘ قرار دیا ہے اور اپنے پریس بیان میں کہا ہے کہ ’’ہمارے ملک میں وبا کو آئے دو سال ہو گئے ہیں لیکن مرکزی حکومت نے صرف اپنے وزیر اعظم کی شبیہ بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔‘‘


نیرج کندن نے کہا کہ ’’طلبا کی ٹیکہ کاری کو ترجیح دینے اور ان کے خراب ہوئے تعلیمی سال کے ازالہ کی جگہ مرکزی حکومت ان تعریفی پوسٹروں کے پیچھے ان کی ناکامی کو چھپانے میں مصروف ہے۔‘‘ ان کے مطابق وزیر اعظم کسی شکریہ کے مستحق نہیں ہیں، بلکہ صرف سوالوں کے مستحق ہیں اور لوگ ان سے اس بات کا جواب چاہتے ہیں کہ اس ملک کے لوگ ان کی نگرانی میں کیوں مرے؟ این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن نے سبھی طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کی تعریف والے ان پوسٹروں کی مخالفت کریں اور یہ سوال اٹھائیں کہ:

  • طلبا کے لیے کوئی راحتی پیکیج کا اعلان نہیں کرنے کے لیے پی ایم کا شکریہ؟

  • طلبا کے لیے کوئی ٹیکہ کاری پالیسی نہیں بنانے کے لیے پی ایم کا شکریہ؟

  • طلبا کو فیس اور قرض میں کوئی ڈھیل نہیں دینے کے لیے پی ایم کا شکریہ؟

  • بے روزگاروں کی آواز کو نظرانداز کرنے کے لیے پی ایم کا شکریہ؟

  • طلبا کے تعلیمی سال کو برباد کرنے کی وجہ بننے کے لیے پی ایم کا شکریہ؟

این ایس یو آئی نے ’کس بات کے لیے شکریہ؟‘ پوسٹر والی مہم شروع کر کے یونیورسٹی احاطوں میں وزیر اعظم سے ان پوسٹروں کا جواب دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ ’’ہم اس مہم کے ذریعہ سے پوسٹر لگا کر مرکزی حکومت کو بے نقاب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور مودی حکومت سے پوچھ رہے ہیں کہ پی ایم کیا چاہتے ہیں کہ لوگ انھیں شکریہ کہیں؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */