صدر کی تقریر کے سہارے مودی حکومت کی جھوٹ کو معتبر بنانے کی کوشش: کانگریس

کانگریس ترجمان آنند شرما نے کہا کہ ’’صدر کے خطاب میں مودی حکومت نے اپنے دکھاوے کا ثبوت دیا ہے اور جھوٹی کامیابیوں کو شمار کر کے اس کو صحیح قرار دینے کی کوشش کر کے ملک کے عوام کی توہین کی ہے۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت صدر کی تقریر کے سہارے جھوٹے وعدوں کو معتبر بنانے کی کوشش کررہی ہے اور کہا کہ اس نے اپنی کامیابیوں کے غلط اعداد و شمار پیش کر کے ملک کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔

کانگریس ترجمان آنند شرما نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’صدر کے خطاب میں مودی حکومت نے اپنے دکھاوے کا ثبوت دیا اور جھوٹی کامیابیوں کو شمار کرا کے اس کو صحیح قرار دینے کی کوشش کرکے ملک کے عوام کی توہین کی ہے۔‘‘

جن دھن کھاتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں غلط بیانی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 95 فیصد جن دھن کھاتوں میں کوئی رقم جمع نہیں ہے تو انہیں کامیابی کیسے قرار دیا جاسکتا ہے۔ مدرا بینک یوجنا کو حکومت نے کامیاب قرار دیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے تحت 23000 روپے کا قرض دیا جاتا ہے اور اتنی کم رقم سے کیسے کاروبار کھڑا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے کسانوں کو بھی دھوکہ دیا ہے اور اب ان سے جھوٹ بول کر دعویٰ کر رہی ہے کہ انہیں فصل لاگت پر ڈیڑھ گنا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت نہیں مل رہی ہے اور حکومت نے اس تعلق سے جھوٹ بولا ہے اور ان کی پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔

ترجمان نے سرجیکل اسٹرائک کو اپنی کامیابی بتانے پر بھی مودی حکومت کی تنقید کی ہے اور کہا کہ پہلے کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے لیکن کبھی کسی حکومت نے اسے اپنی کامیابی نہیں بتایا لیکن مودی حکومت نے انتخابات سے عین قبل اس کا ذکر کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

تصویر یو این آئی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔