مودی حکومت صرف امیروں کے لیے کام کر رہی، غریبوں کو ایک وقت کا کھانہ بھی نصیب نہیں: ڈاکٹر سید ذیشان

مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری ڈاکٹر سید ذیشان نے پارٹی کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر عوام مخالف فیصلے کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مودی حکومت صرف امیروں کے لیے کام کر رہی ہے۔

ڈاکٹر سید ذیشان، تصویر فیس بک
ڈاکٹر سید ذیشان، تصویر فیس بک
user

یو این آئی

ممبئی: مرکزی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ تعلیم، صحت خدمات کی حالت بھی بد سے بدتر ہے۔ مرکز میں بھرتیاں روک کر لاکھوں خالی آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے اسی کے ساتھ ساتھ پبلک سیکٹر ریلوں، بینکوں، انشورنس، ہوائی اڈوں کی بھی تیز رفتاری سے نجکاری کی جا رہی ہے، ملازمت ختم ہو گئی ہے اور پرائیویٹ کانٹریکٹر لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپیہ کما رہے ہیں اور عام آدمی جسے پہلے سرکاری نوکری مل جاتی تھی اس کا مستقبل محفوظ ہو جاتا تھا آج کانٹریکٹروں کے ہاتھوں چند پیسوں میں کام کرنے پر مجبور ہے اور اس کا پورا فائدہ کانٹریکٹر اٹھا رہے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس عوام مخالف حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں۔

آج یہاں وایا ویڈیو کانفرنسنگ مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے پارٹی کارکنان اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر عوام مخالف فیصلے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت صرف امیروں کے لئے کام کر رہی ہے، جبکہ غریب عوام کو ٹھیک طرح سے ایک وقت کا کھانہ بھی نصیب نہیں ہو رہا ہے اور جب 2014؍ میں اچھے دن آئیں گے کا نعرہ دے کر مودی حکومت اقتدار میں آئی تھی اور 100؍دن میں مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ سات سال بعد بھی پورا نہیں ہوا۔


ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے کہا کہ پٹرو ل اور ڈیزل پر بار بار ٹیکس میں اضافہ کر کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کووڈ 19؍ کا دور چل رہا ہے، لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی ہے لوگوں کو کھانا نہیں مل رہا ہے اور مودی حکومت بڑے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے مہنگائی میں اضافہ کرتی چلی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہوئی ہے لیکن مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہم ہندوستانیوں کو اس کا فائدہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ بری طرح پریشان ہیں۔

ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے مزید کہا کہ جب ملک معاشی تنگی کا شکار ہے اور عوام کی قوت خرید سب سے کم سطح پر آ گئی ہے اور روزی روزگار میں بے تحاشہ کمی ہوئی ہے ایسے میں مودی حکومت مہنگائی کو بڑھا کر غریب عوام کو مارنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے امبانی برادران کو مرکز کی جانب سے مالی فائدہ دلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انل امبانی کو لڑاکو جہاز رافیل کا پورا کانٹریکٹ دے دیا گیا جس میں ہزاروں کروڑ روپیہ کا مالی خرد برد ہوا ہے اور کانگریس پارٹی نے مطالبہ بھی کیا تھا کہ رافیل گھوٹالے کا معاملہ سامنے لایا جائے اور جو مالی خرد برد ہوئی ہے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے لیکن دو سال سے بھی زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے مودی حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی اور رافیل گھوٹالے معاملے کو سرد خانے میں ڈال دیا جس سے مرکزی حکومت کی نیت صاف ظاہر ہوتی ہے کہ وہ امیروں کو فائدہ پہنچانے میں لگی ہے اور غریبوں کو بدترین حالات میں لے جانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔