مودی حکومت مفاد عامہ کی بات کرنے والوں کا منہ بند کر رہی ہے: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ سچ بولنے اور لکھنے والوں پر مقدمے درج کیے جاتے ہیں اور جو کام کرتے ہیں انہیں کام نہیں کرنے دیا جاتا، یہ ہے مرکز کی بی جے پی حکومت۔

ملکارجن کھڑگے / تصویر ٹوئٹر / @Ravisagar_IYC
ملکارجن کھڑگے / تصویر ٹوئٹر / @Ravisagar_IYC
user

یو این آئی

جے پور: راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت پر مہنگائی پر قابو نہ پانے اور عوامی مفاد میں پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کو کام کرنے نہیں دے رہی اورعوامی مفاد میں بولنے والوں کے منہ بند کر رہی ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے آج یہاں کانگریس کی مہنگائی ہٹاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ سچ بولنے اور لکھنے والوں پر مقدمے درج کیے جاتے ہیں اور جو کام کرتے ہیں انہیں کام نہیں کرنے دیا جاتا، یہ ہے مرکز کی بی جے پی حکومت۔


انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ ایوان میں عوامی مفادات کو سامنے رکھنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں بولنے پر معطل کر دیا جاتا ہے اور حکومت کے وزرا کہتے ہیں کہ یہ ان کا جرم ہے۔ مفاد عامہ کے مسائل اٹھانا جرم ہے تو وہ بار بار اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مطالبات اور پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی گئی لیکن انہیں موقع نہیں دیا جا رہا ہے اور ان کا منہ بند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہمارا قصور نہیں۔ ہم ملکی مفاد میں بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن دس دن ہو گئے ارکان پارلیمنٹ پارلیمنٹ کے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں آج یہاں لاکھوں لوگ جمع ہوئے ہیں کہ مہنگائی کی مار کس طرح پڑ رہی اور وزیر اعظم نریندر مودی کس طرح سو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے اور اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے کہتے ہیں کہ کانگریس نے 70 سالوں میں کیا کیا۔ جب کہ کانگریس نے 55 سال کے دور حکومت میں جمہوریت اور آئین کی حفاظت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج مودی وزیر اعظم ہیں۔ اگر اس دور میں جمہوریت اور آئین محفوظ نہ ہوتا تو مودی وزیر اعظم نہ بن پاتے۔


ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ان لوگوں نے جو ہم نے کیا اس کا دو فیصد بھی نہیں کیا۔ مودی حکومت پر اپنے سات سالوں میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نعرہ دیا گیا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس۔ سب کا ساتھ تو لیا گیا لیکن سب کا ستیہ ناس کر دیا گیا۔ کانگریس کے لاکھوں لوگ جیلوں میں گئے اور ملک کے لیے آزادی حاصل کی، جب کہ ان کے لوگوں نے ملک کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */