’منریگا‘ کی جگہ مودی حکومت ’وی بی-جی رام جی‘ منصوبہ متعارف کرانے کی کر رہی تیاری! پرینکا گاندھی ناراض

پرینکا گاندھی نے سوال کیا ہے کہ ’’وہ مہاتما گاندھی کا نام کیوں ہٹا رہے ہیں؟ مہاتما گاندھی اس ملک، دنیا اور تاریخ کے سب سے عظیم لیڈران میں سے ایک تھے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے؟‘‘

تصویر: منریگا کے تحت مزدوری کرتیں خواتین
i
user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت دیہی روزگار پالیسی میں بڑی تبدیلی کرنے جا رہی ہے۔ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی این آر ای جی اے) کو منسوخ کر دیہی روزگار کے لیے نیا قانون لانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک بل کی کاپیاں ممبران پارلیمنٹ کے درمیان تقسیم کی گئی ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق اس بل کو پارلیمنٹ کے موجودہ سرمائی اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

بل کے مسودے کے مطابق حکومت 2005 کے منریگا قانون کو منسوخ کر اس کی جگہ ’وکست بھارت-روزگار اور جیویکا گارنٹی مشن (گرامین) بل 2025‘ لانے کی تیاری میں ہے۔ اس کا مقصد دیہی روزگار نظام کو نئے سرے سے تشریح کرنا بتایا گیا ہے۔ بل میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد ’ترقی یافتہ ہندوستان 2047‘ کے قومی وژن کے مطابق ایک مضبوط دیہی ترقی یافتہ ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت رضاکارانہ طور پر غیر ہنر مند دستی روزگار کرنے والے ہر دیہی خاندان کے بالغ ممبران کو ہر مالی سال میں 125 دنوں کی مزدوری پر مبنی روزگار کی قانونی گارنٹی دینے کی تجویز ہے۔


نئے قانون کا مقصد روزگار اور روزی روٹی کی گارنٹی کے ذریعہ دیہی امپاورمنٹ اور جامع ترقی کو فروغ دینا ہے، تاکہ ایک خوشحال اور قابل دیہی ہندوستان کی تعمیر کی جا سکے۔ یہ بل لوک سبھا کے اراکین کو دے دیا گیا ہے اور امید ہے کہ اسے جلد ہی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جو یکم دسمبر سے شروع ہوا تھا 19 دسمبر کو ختم ہوگا۔

واضح رہے کہ منریگا کو 2005 میں دیہی ترقی کی وزارت نے شروع کیا تھا۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی روزگار گارنٹی کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔ 23-2022 تک اس کے تحت 15.4 کروڑ فعال مزدور رجسٹرڈ تھے۔ اس منصوبہ کا مقصد حقوق پر مبنی ڈھانچے کے ذریعہ غربت کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا ہے۔ منریگا کے تحت یہ التزام ہے کہ کم از کم ایک تہائی فائدہ اٹھانے والوں میں خواتین ہوں۔ اس سے دیہی علاقوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کو فروغ ملا ہے۔


منریگا کی سب سے اہم خصوصیت یہ رہی ہے کہ کسی بھی دیہی بالغ کو کام مانگنے کے 15 دنوں کے اندر روزگار دینے کی قانونی گارنٹی ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو بے روزگاری الاؤنس دینے کا التزام بھی ہے۔ منریگا کے تحت کاموں کی منصوبہ بندی اور نفاذ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ گرام سبھاؤں کو کام تجویز کرنے کا اختیار دیا گیا اور کم از کم 50 فیصد کاموں کا نفاذ مقامی سطح پر لازمی کیا گیا، جس سے سنٹرلائزیشن کو مضبوطی ملی۔

دوسری جانب منریگا کی جگہ لائے گئے نئے قانون پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے حکومت کے اس قدم پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے پوچھا ہے کہ ’’وہ مہاتما گاندھی کا نام کیوں ہٹا رہے ہیں؟ مہاتما گاندھی اس ملک، دنیا اور تاریخ کے سب سے عظیم لیڈران میں سے ایک تھے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔