پی ایم مودی نے تریپورہ میں ہزاروں لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈالا: ترنمول کانگریس

ٹی ایم سی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’وزیر اعظم ہزاروں لوگوں کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں، تریپورہ کو کووڈ ایکسپورٹر کے ہب میں بدل رہے ہیں، کیا وزیر اعظم واقعی سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کی حفاظت کرنے کے اہل ہیں؟‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اگرتلہ: ترنمول کانگریس نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر تریپورہ میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کر کے ہزاروں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور ریاست کو کووڈ کا برآمد کنندہ بنانے کا الزام لگایا۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ جلسہ عام میں کووڈ ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ واضح رہے کہ پی ایم مودی نے یہاں سوامی وویکانند اسٹیڈیم میں ایم بی بی ہوائی اڈے کے نئے انٹیگریٹیڈ (مربوط) ٹرمینل، ایجوکیشن پروجیکٹ مشن 100 اور ڈورسٹیپ سروس ڈیلیوری اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا۔

ٹی ایم سی نے اس پروگرام پر تریپورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب پر بھی حملہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’وزیر اعظم ہزاروں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ تریپورہ کو کووڈ ایکسپورٹر کے ہب میں بدل رہے ہیں۔ کیا وزیر اعظم واقعی سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کی حفاظت کرنے کے اہل ہیں؟ نریندر مودی جی کو شرم آنی چاہیے۔ لوگوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیے جانے پر وزیر اعلیٰ پر بھی شرم آتی ہے۔‘‘


ترنمول کانگریس کے ریاستی کنوینر سُبَل بَھومِک نے اس طرح کی ریلیوں کے انعقاد پر وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بپلب دیب نے اپنے ذاتی فائدے اور کرسی بچانے کے لیے لوگوں کو ’جھوٹے معلومات اور من گھڑت حقائق کے ساتھ گمراہ‘ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔