مودی قومی آفت کے دن بھی سیاست سے باز نہیں آئے: ترنمول کانگریس

ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سکندیو شیکھر رائے نے کہا کہ آج ملک کو ایک بڑی تباہی کا سامنا ہے اس لئے ہم آج سیاسی بیان نہیں دیں گے، اس کا جواب پیر کو دوں گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کلکتہ: ترنمول کانگریس نے آج ہلدیہ میں وزیر اعظم کی تقریر کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک کے ایک حصے میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے۔ درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے تو ان حالات میں بھی مودی سیاست سے باز نہیں آئے ہیں، مگر ہم آج ان کا جواب نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ آج وزیر اعظم مودی نے ہلدیہ میں کئی اہم پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد ہلدیہ میں بی جے پی کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کے دس سالہ دور اقتدار میں عوام کو ہمدردی ملنے کے بجائے ظلم کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگال کے عوام نے بڑی امیدوں کے ساتھ تبدیلی لائی تھی مگر آج بنگال کے عوام خود ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ یہاں کوئی ترقی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جیسے ہی 2021 میں بی جے پی برسر اقتدار آئے گی تو بنگال میں ایک حقیقی تبدیلی آئے گی۔


ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سکندیو شیکھر رائے نے کہا کہ آج ملک کو ایک بڑی تباہی کا سامنا ہے اس لئے ہم آج سیاسی بیان نہیں دیں گے، اس کا جواب پیر کو دوں گا۔ اتوار کی صبح جوشی مٹھ کے قریب برفانی تودے گرنے کی وجہ سے گنگا ندی میں پانی کی سطح اضافہ ہوگیا۔ اس کی وجہ سے کئی گاؤں تباہی کی زد میں آگئے۔ کئی پل اور سڑکیں ٹوٹ گئیں۔ دوپہر تک 10 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ تاہم، 150 کارکن اب بھی لاپتہ ہیں۔ یہ تمام بجلی منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ ان میں سے کسی کے بھی زندہ بچنے کا امکان نہیں ہے۔ راحتی مہم شروع جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔