مشکل میں رکن اسمبلی اننت سنگھ، بہار اسمبلی سکریٹری نے بھیجا نوٹس، 7 دنوں میں جواب طلب
جے ڈی یو کی جانب سے پیش کیے گئے تمام تحریری اور ڈیجیٹل شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اسمبلی اسپیکر پریم کمار نے ضابطے کے مطابق کارروائی کی ہدایت دی تھی۔

بہار کے زورآور لیڈر اور رکن اسمبلی اننت سنگھ کی اسمبلی رکنیت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد بہار اسمبلی سکریٹریٹ نے انہیں ایک سرکاری نوٹس جاری کیا ہے۔ اسمبلی سکریٹری سنجے کمار سنگھ کی جانب سے بھیجے گئے اس نوٹس میں رکن اسمبلی کو 7 دن کے اندر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ پوری کارروائی اسمبلی اسپیکر پریم کمار کی ہدایت پر کی گئی ہے، جس سے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔
معاملہ بہار قانون ساز کونسل کے انتخاب کے دوران پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی سے جڑا ہوا ہے۔ الزام ہے کہ اننت سنگھ نے انتخابی مہم کے دوران جے ڈی یو کے مجاز امیدوار نیرج کمار کے خلاف کام کیا تھا۔ انہوں نے نہ صرف امیدوار کی مخالفت کی، بلکہ پارٹی لائن سے الگ ہو کر مخالفانہ سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا۔ اسی بغاوت کو بنیاد بنا کر جے ڈی یو قیادت نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔
اس معاملے میں جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا نے پیش قدمی کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر پریم کمار کو ایک باضابطہ درخواست سونپی تھی۔ انہوں نے درخواست میں اننت سنگھ کی رکنیت اور ان کے طرز عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ریاستی صدر کی اسی شکایت کے بعد اسمبلی کی سطح پر معاملے کا جائزہ لینا شروع کیا گیا۔ تاہم، اننت سنگھ نے کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے خلاف نہیں، بلکہ نیرج کمار سے ناراضگی کی وجہ سے ان کی مخالفت کی تھی۔
جے ڈی یو نے اپنی شکایت کو مضبوط بنانے کے لیے اسمبلی اسپیکر کے سامنے کئی اہم دستاویزات اور شواہد پیش کیے تھے۔ جے ڈی یو کی جانب سے پیش کیے گئے تمام تحریری اور ڈیجیٹل شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اسمبلی اسپیکر پریم کمار نے ضابطے کے مطابق کارروائی کی ہدایت دی۔ ان کی ہدایت پر اسمبلی سکریٹری سنجے کمار سنگھ نے فوری طور پر اننت سنگھ کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر دیا۔ اب دیکھنا ہوگا کہ 7 دن کی مقررہ مدت کے اندر اننت سنگھ کیا جواب داخل کرتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
