میگھالیہ: راجہ رگھونشی قتل معاملہ کے بعد سیاحت میں آئی کمی، ریاست کو غیر محفوظ تصور کر رہے لوگ

شیلانگ کے الپائن ہوٹل کے منیجر سچن کا کہنا ہے کہ ’’راجہ قتل معاملہ کے بعد سے ہوٹل انڈسٹری پر کافی فرق پڑا ہے۔ 5 سے 10 فیصد بکنگ کینسل ہوئی ہے اور نئی بکنگ کافی کم آئی ہے، کافی نقصان ہو رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

راجہ رگھوونشی قتل معاملہ کے بعد لوگ میگھالیہ جانے سے گریز کر رہے ہیں۔ ریاست کی سیاحت میں اچانک کافی کمی آ گئی ہے۔ لوگ میگھالیہ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ کئی ہوٹلوں میں بکنگ کینسل کر دی گئی ہے۔ سیاحوں کی آمد میں کمی کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگ کافی مایوس ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم تو مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں، لیکن بغیر کچھ کیے ہی بدنام ہو گئے۔ دراصل اپنے شوہر راجہ رگھوونشی کے قتل کے لیے سونم نے میگھالیہ کا انتخاب کیا تھا، سُپاری کلرز کی مدد سے سونم نے راجہ کو قتل کر کے پہاڑی سے نیچے پھینک دیا تھا۔

شیلانگ کے الپائن ہوٹل کے منیجر سچن کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد سے ہوٹل انڈسٹری پر کافی فرق پڑا ہے۔ 5 سے 10 فیصد بکنگ کینسل ہوئی ہے اور نئی بکنگ کافی کم آئی ہے، کافی نقصان ہو رہا ہے۔ سچن کے مطابق میگھالیہ مکمل طور سے محفوظ ہے اور اسے بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ میگھالیہ ٹورزم فورم کے ایگزیکٹو ممبر کمل اگروال کا بھی کہنا ہے کہ میگھالیہ ٹورز پر کافی اثر پڑا ہے، ہوٹل بکنگ کینسل ہو رہی ہے۔ ٹورزم انڈسٹری کو بھی معمولی نقصان ہوا ہے۔


تقریباً 16 لاکھ سیاح ہر سال میگھالیہ گھومنے کے لیے آتے ہیں، لیکن راجہ رگھوونشی قتل معاملہ کے بعد سیاحت پر جو منفی اثر پڑا ہے اس کی وجہ سے وہاں کے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ وزراء بھی کافی ناراض ہیں۔ قاتل سونم رگھوونشی کے بھائی گووند رگھوونشی نے میگھالیہ حکومت سے معافی بھی مانگ لی ہے۔ گووند نے کہا کہ ’’میں نے میگھالیہ حکومت پر کافی الزام عائد کیے تھے، اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سونم رگھوونشی نے صدر پولیس اسٹیشن میں ایس آئی ٹی کی پوچھ تاچھ کے دوران قبول کر لیا ہے کہ وہ راجہ رگھوونشی کے قتل کی پلاننگ میں شامل تھی۔ دراصل شیلانگ میں جب راجہ رگھوونشی کے قتل میں شامل ملزمان کو آمنے سامنے لایا گیا تو سونم اور راج کشواہا کا بھی آمنا سامنا ہوا۔ ایس آئی ٹی کے ذریعہ پیش کیے گئے ثبوتوں کو دیکھ کر سونم زور زور سے رونے لگی۔ واضح ہو کہ راجہ قتل معاملہ میں شامل پانچوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں راجہ رگھوونشی کی بیوی سونم، راج کشواہا (سونم کا عاشق)، 3 سپاری کلرز آنند، آکاش راجپوت اور وشال عرف وکی ٹھاکر شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔