میگھالیہ: وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما کے دفتر پر ہزاروں کی بھیڑ نے کیا حملہ، 5 سیکورٹی اہلکار زخمی، تورا میں لگا نائٹ کرفیو

گارو ہلز میں رہنے والے گروپ ’تورا‘ شہر کو ریاست کی سردیوں کی راجدھانی بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے، اس کے لیے وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے اور پیر کی شام انھوں نے اچانک حملہ کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

میگھالیہ میں وزیر اعلیٰ دفتر پر آج ہزاروں لوگوں کی بھیڑ نے اچانک حملہ کر دیا۔ اس حملہ میں وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما کے دفتر میں کام کرنے والے پانچ سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جنھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق وزیر اعلیٰ نے حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کا حال چال دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی سیکورٹی اہلکاروں کے لیے 50 ہزار روپے امدادی رقم دینے کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے علاج کا خرچ ریاستی حکومت کے ذریعہ برداشت کیا جائے گا۔ اس درمیان تورا شہر میں فوری اثر سے رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

اچھی بات یہ رہی کہ اس حملہ میں وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما کو کسی طرح کی چوٹ نہیں لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گارو ہلز میں رہنے والے گروپ ’تورا‘ شہر کو ریاست کی سردیوں کی راجدھانی بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس کے لیے وہ بھوک ہڑتال پر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ پیر کی شام انھوں نے اچانک وزیر اعلیٰ دفتر پر حملہ کر دیا۔ جب یہ حملہ ہوا تو اس وقت کونراڈ سنگما بھی وہاں موجود تھے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے وزیر اعلیٰ دفتر کے باہر بے قابو ہو رہی بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔


دراصل تنازعہ کی شروعات پیر کی شام ہی ہونے لگی تھی، جب سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ وزیر اعلیی دفتر کے باہر اکٹھا ہونے لگی۔ پہلے تو بھیڑ نے نعرہ بازی کی اور اپنا مطالبہ سامنے رکھا۔ لیکن جلد ہی وہاں مزید بھیڑ اکٹھا ہو گئی اور پھر ہزاروں افراد جمع ہو گئے جنھوں نے وزیر اعلیٰ دفتر پر پتھربازی شروع کر دی۔ اس دوران دفتر کی سیکورٹی میں باہر تعینات پانچ سیکورٹی اہلکاروں کو چوٹ لگی جنھیں فوراً آفس کے اندر لے جایا گیا تاکہ ابتدائی علاج ہو سکے۔

بتایا جاتا ہے کہ ابھی وزیر اعلیٰ سنگما دفتر سے باہر نہیں نکل پائے ہیں کیونکہ مظاہرین نے راستہ بلاک کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر نے جانکاری دی ہے کہ فی الحال حالات قابو میں ہیں لیکن کشیدگی برقرار ہے۔ وزیر اعلیٰ سنگما مظاہرین سے بات کر رہے تھے، لیکن اسی دوران ان کے اوپر پتھر بازی کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔