راہل گاندھی کے یومِ پیدائش پر منعقد ہونے والا ’میگا روزگار میلہ‘ نوجوانوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میگا روزگار میلہ کا انعقاد مشترکہ طور پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی اور انڈین یوتھ کانگریس کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔‘‘

نئی دہلی: 19 جون کو دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی کے جنم دن کے موقع پر ’میگا روزگار میلہ‘ کا انعقاد ہونے والا ہے۔ اس روزگار میلہ کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس کے ریاستی دفتر میں 18 جون کو ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’میگا روزگار میلہ کا انعقاد مشترکہ طور پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی اور انڈین یوتھ کانگریس کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اس میگا روزگار میلہ میں 20 ہزار سے زائد ملک کے بے روزگار نوجوان موجود رہیں گے، جنہوں نے روزگار کے لیے آن لائن یا آف لائن رجسٹریشن کیا ہے۔‘‘
واضح ہو کہ پریس کانفرنس میں کانگریس دہلی صدر دیویندر یادو، انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب، دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا اور محکمہ کمیونیکیشن کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران دیویندر یادو نے کہا کہ راجدھانی دہلی جہاں لوگ روزگار ملنے کی امید میں ہندوستان کے مختلف علاقوں سے آتے تھے اور انہیں روزگار بھی مل جاتا تھا۔ لیکن گزشتہ 11 سالوں میں جس طرح سے ماحول بدلا ہے، اس سے نوجوان طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پورے ملک میں کروڑوں نوجوان بے روزگاری کی مار جھیل رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بڑھتی بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان نشے کی لت میں پڑ کر جرائم میں ملوث ہوتے جا رہے ہیں۔

انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 11 سالوں میں بی جے پی کی مدت کار میں بے روزگاری ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مودی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرانے کے معاملہ میں مکمل طور سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ہمارے لیڈر راہل گاندھی نے بے روزگار نوجوانوں کی آواز بننے کا کام کیا ہے اور ان کی مسلسل کوششوں کو بامعنی بنانے کے لیے کانگریس پارٹی روزگار میلہ کا انعقاد کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’کل دہلی کے تالکٹورا سٹیڈیم میں صبح 10-4 بجے تک منعقد ہونے والے روزگار میلہ میں 100 سے زائد کمپنیاں نوجوانوں کے ساتھ روزگار کے متعلق بات چیت کرنے کے لیے موجود رہیں گی۔‘‘
دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک اور دہلی میں ریکارڈ توڑ بے روزگاری میں روزگار میلہ کا انعقاد کرنا ایک اچھی پہل ہے۔ ایک طرف جہاں نوجوانوں کو روزگار دینے میں مرکزی اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں ناکام رہیں۔ دوسری جانب انڈین یوتھ کانگریس نے راجستھان میں روزگار میلہ لگا کر 3500 نوجوانوں کا رجسٹریشن کیا اور 1400 لوگوں کو روزگار دینے کا کام کیا۔‘‘ ساتھ ہی سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج نے میڈیا سے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر راہل گاندھی نے بے روزگاری جیسے مسائل کو ہمیشہ سے قومی سطح پر اٹھایا ہے۔ ان کی بھارت جوڑو یاترا اور پارلیمنٹ کے اندر و باہر نوجوانوں کے لیے روزگار کا مطالبہ ان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔