مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد، ہتک عزتی کا معاملہ کراوں گا درج: اظہرالدین

سابق کرکٹر اور سیاست داں اظہر الدین نے اپنے اوپر لگائے گئے فراڈ کے الزام کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ایف آئی آر کرانے والوں کے خلاف 100 کروڑ روپے کے ہتک عزتی کا معاملہ درج کرائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اظہرالدین نے ان کے خلا ف ایف آئی آردرج کرنے والوں کے خلاف 100 کروڑروپئے کے ہتک عزت کا معاملہ درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔اظہر الدین نے ان کے خلاف مہاراشٹرا کے اورنگ آباد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کئے جانے کی اطلاع پر ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ صرف سرخیوں میں رہنے کے لئے ایسا کیاگیاہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔انہوں نے واضح لفظوں میں کہاکہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

دراصل محمد اظہر الدین سمیت تین لوگوں کے خلاف 20.96 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کے معاملہ میں مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں بتایا کہ اظہر الدین کے خلاف یہ معاملہ دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ ایجنسی کے مالک اور اورنگ آباد کے لیبر کالونی رہائشی محمد شہاب محمد یعقوب نے بدھ کی شب یہ شکایت درج کرائی۔


پولیس کے مطابق شکایت دہندہ کا کہنا ہے کہ اورنگ آباد رہائشی اور اظہر الدین کے پرائیویٹ سکریٹری ماجد خان نے نومبر 2019 میں دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی سے کیرالہ رہائشی سدیش اوككل اور آندھرا پردیش رہائشی محمد اظہر الدین کے لئے ممبئی سے دبئی ہوتے ہوئے پیرس اور ممبئی سے پیرس ہوتے ہوئے دبئی کا ٹکٹ بک کرایا تھا۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اس کے لئے ماجد خان نے چیک جاری کیا تھا۔ مسٹر شہاب نے جب مسٹر ماجد سے کرایہ کی ادائیگی کرنے کو کہا تو انہوں نے بار بار ٹالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے شہاب کی شکایت کے بعد تین افراد کے خلاف رپورٹ درج کر کے معاملہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔

بہر حال، اظہر الدین اس ایف آئی آر سے کافی ناراض ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنے وکلا سے مشورہ کرتے ہوئے 100کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا معاملہ دائرکریں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔