’یہ تہوار آپ کی زندگی میں مسرت اور خوشحالی لائے‘، ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے اہل وطن کو کرسمس کی مبارکباد دی
کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کرسمس کے موقع پر میں تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مقدس تہوار ہمیں پیار، ہمدردی، معافی، امن اور اتحاد کی لازوال اقدار کو بنائے رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات (25 دسمبر) کو کرسمس کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار لوگوں کو پیار، مہربانی، معافی، امن اور اتحاد جیسی لازوال اقدار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کھڑگے نے لکھا کہ ’’کرسمس کی خوشی کے موقع پر میں تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مقدس تہوار جو یسوع مسیح کی پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے، ہمیں پیار، ہمدردی، معافی، امن اور اتحاد کی لازوال اقدار کو بنائے رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے مزید لکھا کہ ’’یہ مبارک موقع ایک زیادہ انسانی اور ہم آہنگ معاشرہ بنانے کے ہمارے اجتماعی عزم کو مضبوط کرے اور سب کے لیے نئی امید، خوشی اور خوشحالی لائے۔ میری کرسمس۔‘‘ کھڑگے کے علاوہ انڈین نیشنل کانگریس نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کرسمس کی مبارکباد دی۔ کانگریس نے لکھا کہ ’’یہ تہواروں کا موسم ہر گھر میں امن، اچھی صحت اور پائیدار خوشی لائے۔ محبت اور اتحاد ہمیں ایک روشن اور زیادہ رحم دل مستقبل کی طرف ایک ساتھ لائے۔ کانگریس پریوار کی جانب سے تمام لوگوں کو کرسمس کی بہت بہت مبارکباد۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’یہ موسم خوشی، مسرت اور خوشحالی لائے، اور آپ کی زندگی کو محبت اور ہمدردی سے بھر دے۔‘‘
واضح رہے کہ کرسمس یسوع مسیح کے یوم ولادت کے طور پر منایا جاتا ہے اور ہر سال 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں منایا جانے والا یہ تہوار امید، امن، معافی اور محبت کے جذبات سے جڑا ہے، اور مسیحیوں کے لیے اس کی گہری مذہبی اہمیت ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں یہ ایک ایسی ثقافتی تقریب بھی بن گیا ہے جو مذہبی حدود سے بالاتر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔