’روشنیوں کا مقدس تہوار ہر گھر-آنگن میں خوشی، سکون اور خوشحالی کی روشنی بکھیرے‘، دیوالی پر کانگریس کا اہل وطن کو پیغام
کھڑگے نے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔ ناانصافی، جہالت اور امتیازی سلوک کا اندھیرا چھٹے اور انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کی روشنی ہر شخص تک پہنچے۔‘
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اتوار (8 نومبر) کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میری جانب سے اور کانگریس پارٹی کے تمام لیدڑان اور کارکنان کی جانب سے ملک کے تمام باشندوں کو دیوالی کی دلی مبارکباد۔‘‘
اہل وطن کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کانگریس صدر اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’روشنیوں کا یہ مقدس تہوار ہر گھر-آنگن میں خوشی، سکون، خوشحالی اور مسرت کی روشنی بکھیرے۔ ہمارے معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔ ناانصافی، جہالت اور امتیازی سلوک کا اندھیرا چھٹے اور انصاف، مساوات اور ہم آہنگی کی روشنی ہر شخص تک پہنچے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں ملکارجن کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’ہر دل میں امید کا چراغ روشن ہو اور ہر زندگی میں خوشیوں کی صبح طلوع ہو۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ویڈیو جاری کر اہل وطن کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو دیوالی کی دلی مبارکباد! ہر گھر میں خوشیوں اور خوشحالی کے چراغ روشن ہوں۔ یہ مقدس تہوار پورے ہندوستان میں خوشی، سکون، باہمی ہم آہنگی اور نئی امیدوں کی روشنی لے کر آئے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اہل وطن کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آپ سب کو روشنی اور خوشیوں کے مقدس تہوار دیوالی کی دلی مبارکباد۔ بھگوان شری گنیش جی اور ماں لکشمی جی سے دعا کرتی ہوں کہ تمام اہل وطن کی زندگیاں خوشیوں سے بھر جائیں اور ہر ایک کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور روشنی آئے۔‘‘ کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر پیغام جاری کر اہل وطن کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’کانگریس پریوار کی جانب سے تمام اہل وطن کو دیوالی کے مقدس تہوار کی دلی مبارکباد۔ یہ تہوار سبھی کی زندگیوں میں خوشی، خوشحالی، سکون اور نئی امیدوں کی روشنی لے کر آئے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
