بھوپال کے ’ستپورا بھون‘ میں لگی زبردست آگ، کانگریس نے شیوراج حکومت پر عائد کیا بدعنوانی کے دستاویزات جلانے کا الزام

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ آرمی، آئی او سی ایل، بی پی سی ایل، ایئرپورٹ، سی آئی ایس ایف، بھیل، منڈیدیپ اور رائے سین سے فائر بریگیڈ کو فوراً بلایا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/upmita">@upmita</a></p></div>

تصویر@upmita

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے ستپورا بھون میں پیر کے روز زبردست آگ لگ گئی۔ اس عمارت میں سرکاری محکمہ کے کئی دفاتر بھی ہیں۔ پیر کی دوپہر کو ستپورا بھون میں تیسری منزل سے لگی آگ چھٹی منزل تک پہنچ گئی۔ آگ اتنی تیز تھی کہ اسے بجھانے کے لیے فوج کو بلانا پڑا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ لیکن یہ آگ ابھی پوری طرح بجھائی نہیں جا سکی ہے۔

اس درمیان ستپورا بھون میں لگی آگ کو لے کر کانگریس نے مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت پر زبردست الزام عائد کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے بڑے لیڈر اور رکن اسمبلی جیتو پٹواری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس آگ میں مدھیہ پردیش حکومت نے اپنی بدعنوانی کے دستاویزات کو جلایا ہے۔ ان کے علاوہ یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس نے بھی یہی دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایک طرف پرینکا گاندھی نے بگل پھونک دیا اور وہیں دوسری طرف ستپورا بھون میں آگ لگ گئی۔ حکومت کی وداعی کے پہلے بدعنوانی کے ثبوت مٹانے کا سلسلہ ہوا شروع۔‘‘


ستپورا بھون میں لگی آگ کے واقعہ پر جیتو پٹواری نے کہا کہ ’’ستپورا بھون میں آج پھر آگ لگ گئی۔ 50 فیصد کمیشن والی حکومت نے اپنی بدعنوانی کے دستاویزات کو جلا دیا۔ یہ آگ پہلی بار نہیں لگی ہے، اس سے پہلے یہ آگ 18 ستمبر 2018 کو لگی تھی۔ یہ آگ ستپورا بھون میں ہی کیوں لگتی ہے۔ سروے عوام کے حق میں ہے۔ عوام کے درمیان یہ پیغام ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت آ رہی ہے۔‘‘

کانگریس رکن اسمبلی پی سی شرما نے بھی ستپورا بھون میں آتشزدگی واقعہ پر مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’ستپورا بھون کے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ آفس میں آگ۔ کسی بھی ریاست میں انتخاب سے پہلے سرکاری ریکارڈ بھون میں اگر آگ لگ جائے تو سمجھو حکومت گئی، گناہ مٹا دیے گئے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج اور ان کی حکومت کی چلا چلی کی بیلا ہے۔‘‘


بہرحال، میڈیا رپورٹس کے مطابق ستپورہ بھون میں لگی آگ بجھانے کی مانیٹرنگ لگاتار وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ آرمی، آئی او سی ایل، بی پی سی ایل، ایئرپورٹ، سی آئی ایس ایف، بھیل، منڈیدیپ اور رائے سین سے فائر بریگیڈ کو فوراً بلایا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر کے افسر بھی لگاتار ضلع انتظامیہ کے ساتھ پورے آپریشن کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ بھوپال کے پولیس کمشنر ہری نارائن چاری کے مطابق اب صرف اوپری منزل پر ہی آگ بچی ہے، باقی کی منزلوں کی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ گیس سلنڈر اور اے سی میں دھماکے ہو رہے ہیں جس سے آگ پھر سے خطرناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔