دہلی میٹرو کے اسٹاف کوارٹر میں بھیانک آتشزدگی، اسسٹنٹ انجینئر، بیوی اور بچے سمیت 3 افراد کی موت
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی صحیح وجوہات کا پتا لگانے کے لئے واردات کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ آگ شارٹ سرکٹ، گیس لیکج یا کوئی اور تکنیکی وجہ سے لگی۔

باہری دہلی کے آدرش نگر علاقے میں واقع دہلی میٹرو ریل کارپوریشن(ڈی ایم آر سی) کے اسٹاف کوارٹر میں پیر کی رات دیر گئے ایک ہولناک حادثہ ہوگیا۔ دوسری منزل پر اچانک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی موت ہوگئی۔ متوفیوں میں میٹرو کے ایک اسسٹنٹ انجینئر، ان کی اہلیہ اور ان کی 10 سال کی معصوم بیٹی شامل ہیں۔ حادثے کے وقت پورا خاندان فلیٹ کے اندر گہری نیند میں سو رہا تھا۔
تفصیلی معلومات کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع فائر کنٹرول روم کو رات تقریباً 2 بجکر 39 منٹ پر ملی۔ جس کے فوری بعد قریبی فائر اسٹیشن سے فائر انجنوں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ تقریباً 3 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ جب فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کے بعد فلیٹ کے اندر سرچ آپریشن کیا گیا تو وہاں سے 3 لوگوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اس دوران آگ بجھانے میں لگے ایک فائر فائٹر کو بھی چوٹیں آئیں جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دہلی فائر سروس کے ایک افسر نے بتایا کہ ہمیں رات2:39 بجے آگ لگنے کے بارے میں کال موصول ہوئی تھی۔ جب ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو آگ کافی حد تک پھیل چکی تھی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد جب ٹیم اندر گئی تو 3 لوگوں کی موت کی تصدیق ہوئی۔ وہیں پولیس کو اس واردات کی جانکاری تقریباً 3 بجے ملی۔ پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پہلے فلیٹ کے اندر دھواں بھرا اور اس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا جس سے آگ اور بھی بھڑک گئی۔ حالانکہ دھماکہ کس وجہ سے ہوا، یہ ابھی صاف نہیں ہپواہے۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی صحیح وجوہات کا پتا لگانے کے لئے واردات کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ آگ شارٹ سرکٹ، گیس لیکج یا کوئی اور تکنیکی وجہ سے لگی۔ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی صورتحال پوری طرح واضح ہوگی۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 42 سالہ اجے، 38 سالہ نیلم اور 10 سالہ جہانوی کے طور پر کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔