منوج پرمار خودکشی معاملہ: راہل گاندھی نے گُلّک دینے والے بچوں سے فون پر کی بات، ملاقات کرنے کا کیا وعدہ

جیتو پٹواری سے جب خودکشی نوٹ میں راہل گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران کے ذکر سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ’’کانگریس عوام کی پارٹی ہے ہم ان کا خیال رکھیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ میں کل وہاں گیا تھا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی گُلّک کے ساتھ، تصویر ایکس (@INCIndia)</p></div>

راہل گاندھی گُلّک کے ساتھ، تصویر ایکس (@INCIndia)

user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے سیہور ضلع میں بزنس مین منوج پرمار اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ دنوں مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج خودکشی کرنے والے بزنس مین منوج پرمار کے بچوں سے فون پر گفتگو کی ہے۔ یہ وہی بچے ہیں جنھوں نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران راہل گاندھی کو اپنی گُلّک (منی بینک) تحفے میں پیش کی تھی۔ راہل گاندھی نے ان بچوں کو فون پر تسلی دیتے ہوئے انہیں انصاف دلانے کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی انہوں نے بچوں سے وعدہ کیا ہے وہ ضرور ان سے ملاقات کرنے آئیں گے۔ متوفی منوج پرمار کے بچوں سے فون پر راہل گاندھی کی بات مدھیہ پردیش کانگریس صدر جیتو پٹواری نے کرائی۔

واضح ہو کہ خودکشی کے بعد منوج پرمار کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مبینہ خودکشی نوٹ سامنے آیا۔ نوٹ میں پرمار نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران سے اپنے بچوں کو تنہا نہ چھوڑنے کی گزارش کی ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی لیڈران اور ای ڈی پر ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ منوج پرمار اور ان کی اہلیہ کانگریس پارٹی کے حامی تھے اور ای ڈی نے انہیں کانگریس کی جانب سیاسی جھکاؤ کی وجہ سے پریشان کیا۔


سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی او پی) آکاش امالکر نے کہا کہ ’’پولیس کو جو خودکشی نوٹ ملا ہے وہ ایک درخواست کے طور پر ہے۔ اہل خانہ ابھی صدمے میں ہیں اس لیے پولیس نے ان کے بیان درج نہیں کیے ہیں۔ خود کشی نوٹ کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی کیوں کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ بزنس مین منوج پرمار اور ان کی اہلیہ نیہا نے جمعہ کی صبح سیہور ضلع کے آشٹا قصبہ میں اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کی تھی۔ خودکشی نوٹ میں ہندوستانی صدر، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور دیگر کو مخاطب کیا گیا ہے۔

مدھیہ پردیش کانگریس صدر جیتو پٹواری سے جب خودکشی نوٹ میں راہل گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران کے ذکر ہونے سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس عوام کی پارٹی ہے۔ ہم ان (بچوں) کا خیال رکھیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ میں کل وہاں (ان سے ملنے) گیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی جیتو پٹواری نے الزام عائد کیا ہے کہ جوڑے کی موت خودکشی کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے بلکہ ان کی موت اسٹیٹ اسپانسرڈ ہے۔ کیونکہ ای ڈی کا استعمال تو لیڈران تک کو ہراساں کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بی جے پی میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ای ڈی اور دیگر تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعہ ہراساں کیے جانے کے بعد کئی لیڈران بی جے پی میں شامل ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔