ممتا بنرجی نے کی سخت مقابلے کے بعد نندی گرام سے جیت حاصل

نندی گرام میں شوبھندو ادھیکاری اور بی جے پی دونوں نے ممتا بنرجی کو ہرانے کے لئے پوری قوت جھونک دی تھی پھر بھی بی جے پی کی پوری مشنری ممتا بنرجی کی جیت کو نہیں روک سکی۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کی شاندار جیت کے بعد ممتا بنرجی نے بھی نندی گرام میں سخت مقابلے کے بعد 1201 ووٹوں سے جیت حاصل کرلی ہے۔ ابتدا سے ہی ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں جانے والے شوبھندو ادھیکاری آگے چل رہے تھے، مگر آخری راؤنڈ میں تمام فاصلے کو مٹاتے ہوئے ممتا بنرجی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

شوبھندو ادھیکاری گزشتہ سال دسمبر میں ہی بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سے ہی وہ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی پر سخت حملہ کر رہے تھے۔ شوبھندو ادھیکاری کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ مشرقی مدنی پور اور جنگل محل سے ترنمول کانگریس کا صفایا ہوجائے گا۔ مگر ممتا بنرجی نے نندی گرام سے انتخاب لڑکر ادھیکاری کے چیلنج کو قبول کرلیا تھا۔


10 مارچ کو ممتا بنرجی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا اور اس کے بعد ان پر حملہ ہوا، جس میں ان کے پاؤں میں چوٹ پہنچی۔ ممتا بنرجی اس کے بعد انتخابی مہم وہیل چیئر کے ذریعہ ہی چلائی۔ ممتا بنرجی پر حملے کے بعد بی جے پی نے جہاں ان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی، وہیں ترنمول کانگریس نے اس کے ذریعہ ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی۔

یکم اپریل کو یہاں پولنگ ہوئی تھی، پولنگ کے دوران شوبھندو ادھیکاری بوتھ کا دورہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ ممتا بنرجی اس دن نندی گرام میں ہی تھیں مگر گڑبڑی کی خبر ملنے کے بعد ممتا بنرجی دوپہر کو نکلیں اور ایک پولنگ بوتھ کے باہر جاکر بیٹھ گئیں۔ یہاں پر ووٹروں کا الزام تھا کہ ترنمول کانگریس کے حامیوں کو ووٹ دینے نہیں دیا جا رہا ہے۔


نندی گرام میں شوبھندو ادھیکاری اور بی جے پی دونوں نے ممتا بنرجی کو ہرانے کے لئے پوری قوت جھونک دی تھی مگر بی جے پی کی پوری مشنری بھی ممتا بنرجی کی جیت کو نہیں روک سکی۔ خیال رہے کہ 2006 میں نندی گرام میں بائیں محاذ کے حصول اراضی کے خلاف تحریک چلا کر ہی ممتا بنرجی نے بنگال کی سیاست میں واپسی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */