ایس آئی آر پر سپریم کورٹ میں سماعت، ممتا بنرجی آج خود ہوں گی موجود

مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے خلاف آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ ممتا بنرجی خود پیش ہوں گی، جنہوں نے الیکشن کمیشن پر 1.25 کروڑ ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ آج مغربی بنگال میں جاری خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے عمل کے خلاف وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی عرضی پر سماعت کرے گا۔ ایل ایل بی کی ڈگری رکھنے والی ممتا بنرجی اس اہم سماعت کے دوران خود عدالت میں موجود رہ سکتی ہیں۔ ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں ممتا بنرجی کو فائلوں کے ساتھ سپریم کورٹ کی جانب جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور انہیں عوام کی وکیل قرار دیا گیا ہے۔

ممتا بنرجی نے 28 جنوری کو الیکشن کمیشن اور مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل افسر کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹ میں مبینہ منطقی تضادات کے نام پر تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ رائے دہندگان کے نام کاٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو بڑے پیمانے پر عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس عمل کو غیر جمہوری اور خامیوں سے پُر قرار دیا ہے۔


چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں تین رکنی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ اس سے قبل 19 جنوری کو عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ نظرثانی کا عمل شفاف ہو اور عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ عدالت نے تضادات والی فہرست کو گرام پنچایت اور بلاک دفاتر میں نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا تھا تاکہ عوام کو معلومات حاصل ہو سکیں۔

ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن نے بھی الزام لگایا ہے کہ کمیشن باضابطہ تحریری ہدایات کے بجائے واٹس ایپ جیسے غیر رسمی ذرائع سے زمینی افسران کو احکامات دے رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ طریقہ کار انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال کھڑا کرتا ہے۔

سیاسی حلقوں میں اس سماعت کو مغربی بنگال کی آئندہ سیاست اور آنے والے انتخابات کی غیر جانبداری کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ عدالت کا فیصلہ نہ صرف ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے عمل بلکہ ریاست میں انتخابی ماحول پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔