الیکشن کمیشن کی کارروائی کے بعد ممتا بنرجی کا اقدام، 7 اے ای آر او کی ذمہ داریاں تبدیل
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اے ای آراو کو یکطرفہ طور پرمعطل کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن مسلسل الیکشن افسران کو دھمکیاں دے رہا ہے اور ریاستی حکومت کے دائرہ اختیار میں مداخلت کررہا ہے۔
کولکتہ: مغربی بنگال میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) سے متعلق کام میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے ذریعہ پیر کو معطل کیے گئے 7 اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران (اے ای آر او) کو ان کی ملازمتوں سے نہیں ہٹایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کی سہ پہر نامہ نگاروں سے کہا کہ ان کا الیکشن سے متعلق کسی کام میں کوئی دخل نہیں ہوگا لیکن ریاستی حکومت کی طرف سے انہیں متبادل حلقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ وہاں اچھا کام کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے ای سی آئی پر7 اے ای آراو کو یکطرفہ طور پرمعطل کرنے کا بھی الزام لگایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں اپنا موقف پیش کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا گیا۔ کمیشن مسلسل الیکشن افسران کو دھمکیاں دے رہا ہے اور ریاستی حکومت کے دائرہ اختیار میں مداخلت کررہا ہے۔ انہوں نے کمیشن سے جمہوری طریقے سے کام کرنے کی اپیل۔
حالانکہ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر کے ذرائع نے واضح کیا کہ 7 اے ای آر او کوایس آئی آر کے لیے ای سی آئی کے ذریعہ مقررہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے کی وجوہات کی بناء پر معطل کیا گیا تھا۔ سی ای او کے دفتر کے ذریعہ نے کہا کہ کسی کو بھی لامحدود اختیارات نہیں دیے گئے تھے۔ 7 اے ای آراو کی معطلی کے لیے کافی بنیادیں تھیں۔ انہیں کام میں بار بار غفلت برتنے پر قانونی دفعات کے تحت معطل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اپنے آقا کے اشارے پر کام کر رہا ہے الیکشن کمیشن: ممتا بنرجی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایس آئی آر میں تعینات سپروائزر اورمائیکرو مبصرین نے ان 7 اے ای آراو کو ای سی آئی کے ذریعہ مقررہ ہدایات کی خلاف ورزی نہ کرنے کی وارننگ دی تھی لیکن انہوں نے انتباہات پر دھیان دیئے بغیر من مانی سے کام جاری رکھا جس کی وجہ بالآخر انہیں معطل کرنا پڑا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے حقیقی ووٹروں کے ناموں کو ہٹانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے براہ راست نام لیے بغیرالیکشن کمیشن کی ڈائریکٹرجنرل (انفارمیشن ٹیکنالوجی) سیما کھنہ پر بھی بالواسطہ الزام لگایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمیشن میں بی جے پی کی طرف سے مقرر کردہ ایک خاتون ووٹر لسٹ سے حقیقی ووٹروں کے ناموں کو ہٹانے کے لیے اے آئی کا استعمال کر رہی ہے۔ کمیشن اس معاملے میں سپریم کورٹ کی ہدایت کی بھی تعمیل نہیں کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔