بلیک فنگس کے انجیکشن وافر مقدار میں دستیاب کرائیں، پرینکا گاندھی کا وزیر اعظم مودی سے مطالبہ

پرینکا گاندھی نے کہا، بلیک فنگس کے مریض دوا کے لئے بھٹک رہے ہیں، حکومت بتائے کہ ملک بھر میں اس وبا سے کتنے افراد متاثر ہیں اور انجیکشنوں کی دستیابی کے لئے حکومت کیا اقدام لے رہی ہے

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک بھر میں بڑی تعداد میں بلیک فنگس کے معاملے رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت سے اس بیماری کے علاج کے لئے انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ’دنیا کا دواخانہ‘ ہونے کا اعزاز حاصل ہے لیکن یہ بدقسمتی کا مقام ہے کہ یہاں لے عوام ادویات کی قلت سے دو چار ہیں۔

پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس بیماری کے مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والے انجیکشنوں کو وافر مقدار میں دستیاب کرایا جائے۔

پرینکا گاندھی نے مکتوب میں لکھا، ’’ملک بھر سے لوگ میوکومائیکوسس (بلیک فنگس) کے انجیکشنوں کے لئے گہار لگا رہے ہیں۔ اندور میں ایک بیٹی کی اپنے والد کے لئے انجیکشن کی گہار اور دہلی کے آرمی اسپتال میں انجیکشن کی قلت نے ملک کی آنکھیں نم کر دی ہیں۔ ایک طرف بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 11000 سے زیادہ ہو چکی ہے اور دوسری طرف انجیکشن خاطر خواہ تعداد میں موجود نہیں ہیں۔ جبکہ میوکورمائیکوسس جیسی بیماری میں شرح اموات 50 فیصد سے زیادہ ہے۔‘‘


پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم سے اپنی اپیل میں بلیک فنگس میں استعمال ہونے والے انجیکشن کے مہنگے داموں پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انجیکشن پر لاکھوں روپے کا خرچ آ رہا ہے اور اس وبا کا علاج صحت سے متعلق اسکیم ’آیوشمان‘ کے دائرے میں بھی نہیں آتا۔ انہوں نے اپیل کی کہ بلیک فنگس کے علاج کو بھی آیوشمان کے دائرے میں لاکر اس کے انجیکشن مفت دستیاب کرائے جائیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ میوکورمائیکوسس کو وبا قرار دیا جا چکا ہے لیکن 25 مئی کے بعد حکومت نے اس کے اعدادوشمار جاری نہیں کئے ہیں۔ مقامی خبروں کے مطابق اس کے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے، لہذا اس وبا کے اعدادوشمار کو بھی کورونا کی طرز پر رازانہ جاری کیا جانا چاہیئے۔


پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم سے کہا کہ بیداری کے لئے عوام کے درمیان صحیح حقائق پیش کیا جانا ضروری ہے۔ نیز، انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کہ متاثرین کے تیمارداروں کی تکلیفوں کو کم کرنے کی غرض سے انجیکشن کی پیداوار اور دستیابی کو بڑھایا جائے۔

دریں اثنا، پرینکا گاندھی نے بلیک فنگس کے معاملہ پر ٹوئٹر پر لکھا، ‘‘میوکورمائیکوسس (بلیک فنگس) کے انجیکشن کے لئے گہار گائی جا رہی ہیں۔ دنیا کا دواخانہ کا اعزاز ہونے کے باوجود ہمیں اس آفت کے دوران ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔ ذمہ دار کون ہے؟ انجیکشن مہنگا ہے، آیوشمان اسکیم میں کور نہیں ہوتا۔ مودی جی اس سمت میں فوری اقدام کیجئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔