ای ڈی کی بڑی کارروائی، فاروق عبداللہ کی 12 کروڑ کی جائیداد ضبط، عمر عبداللہ برہم

عمر عبداللہ نے ای ڈی کی کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ اپنے وکلا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ عدالت میں ان بے بنیاد الزامات کے خلاف لڑیں گے۔‘‘

فاروق عبد اللہ / تصویر  یو این آئی
فاروق عبد اللہ / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں ان کی تقریباً 12 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کرلی ہے۔ ای ڈی نے اس سلسلے میں بتایا کہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کی فنڈنگ ​​کے معاملے میں پی ایم ایل اے کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے تحت جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی کی ریاست میں واقع تین رہائشی عمارتیں، سری نگر میں واقع ایک تجارتی عمارت اور ریاست میں چار زمینیں ضبط کی گئی ہیں، جن کی کل مالیت 11.86 کروڑ روپے ہے۔

فاروق عبداللہ کے خلاف ہوئی ای ڈی کی اس کارروائی پر ان کے بیٹے اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ’’ای ڈی نے جو ہمارے اثاثے اٹیچ کئے ہیں وہ ہماری موروثی جائیداد ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ اس سلسلے میں اپنے وکلا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ عدالت میں ان تمام بے بنیاد الزامات کے خلاف لڑیں گے۔‘‘


عمر عبداللہ نے ای ڈی کی کارروائی پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ڈاکٹر فاروق عبداللہ اپنے وکلا کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ عدالت میں ان بے بنیاد الزامات کے خلاف لڑیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کیس ایسی عدالت میں لڑیں گے جس میں میڈ یا اور بی جے پی کے زیر کنٹرول سوشل میڈیا عدالتوں کے برعکس ہر کوئی منصفانہ مقدمے کا حقدار ہوتا ہے۔

عمر عبداللہ نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ ’’جو اثاثے اٹیچ کئے گئے ہیں وہ ہماری موروثی جائداد ہے، جنہیں 1970 کی دہائی میں تعمیر کیا گیا ہےاور ان کو اٹیچ کرنے کا کسی کو کوئی جواز ہی نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔