میجر دھیان چند کھیل یونیورسٹی کو ’سومناتھ مندر‘ کی شکل دی جائے گی، یوگی کے حکم کی ہوئی تعمیل!

یونیورسٹی کے داخلی دروازے پر ہاکی کھیلتے دھیان چند کا مجسمہ نصب ہوگا، اس کے علاوہ انتظامی عمارت، لائبریری اور اسٹیڈیم کو مندر کی شکل دینے والے فن تعمیر کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر@theupindex
تصویر بشکریہ ٹوئٹر@theupindex
user

یو این آئی

میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے سلوا میں تعمیر ہونے والی ’میجر دھیان چند کھیل یونیورسٹی‘ کو سومناتھ مندر کی شکل دی جائے گی اور اسے فن تعمیر کے’ ناگر انداز‘ (گنبد نما) میں تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو اس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

موصول اطلاع کے مطابق یونیورسٹی کا ڈیزائن تیار کرنے والی کمپنی ڈی ڈی ایف کنسلٹنٹ سے ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسے سومناتھ مندر کی شکل دینے کو کہا تھا۔ جس کے بعد اس کے فن تعمیر پر کافی غور و خوض کیا گیا اور ’ناگر شیلی‘ (گنبد نما) طرز تعمیر کا انتخاب کیا گیا۔


ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے نام پر تعمیر ہونے والی اس یونیورسٹی کے داخلی دروازے پر ہاکی کھیلتے ہوئے ان کا مجسمہ نصب کیا جائے گا جو اسے شاندار شکل دے گا۔ اس کے علاوہ انتظامی عمارت، لائبریری اور اسٹیڈیم کو بھی مندر کی شکل دینے والے فن تعمیر کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جبکہ کچھ دیگر عمارتوں کو ہاکی، فٹ بال اور شوٹنگ وغیرہ کے نوادرات سے آراستہ کیا جائے گا۔ گنگا نہر کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے پورے کیمپس کو ماحولیات کے مطابق بنانے کے لئے درختوں اور پودوں سے سر سبز بنایا جائے گا۔

وزیر اعظم مودی کے میرٹھ دورے کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ اپنے اس مختصر دورے کے دوران مودی میرٹھ میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک قیام کریں گے۔ اتوار کو وزیر اعظم مودی تقریباً ایک بجے دہلی سے بذریعہ ہیلی کاپٹر میرٹھ میں سالاؤ کے مقام پر پہنچیں گے۔ اس دوران وہ اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں میجر دھیان چند اسٹیٹ اسپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مودی دوپہر 1 بجے سے 2.15 بجے تک موجود رہیں گے۔ دوپہر تقریباً 2.30 بجے مودی میرٹھ سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔


مقامی انتظامیہ کے مطابق گنگا نہر کے قریب سلوا میں مودی کے پروگرام کے انعقاد کے پیش نظراسپیشل کمانڈو کی ’بوٹ ٹیمیں‘ گنگا نہر سے سیکورٹی کے لیے نگرانی کے فرائض انجام دیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ مغربی اترپردیش کا قلعہ سمجھے جانے والے میرٹھ کا وزیر اعظم مودی کا یہ چوتھا دورہ ہے۔

اس سے پہلے 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے میرٹھ سے ہی اپنی انتخابی ریلی کا آغاز کیا تھا۔ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں میرٹھ کے شتابدی نگر میں ان کا دوسراجلسہ عام ہوا۔ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں تیسری بار میرٹھ میں مغربی اتر پردیش کے سیوایا ٹول پلازہ پر ان کے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔ اور کل وہ چوتھی بار میرٹھ تشریف لا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */