پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا عام آدمی پارٹی کے بس کی بات نہیں: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے اور وہاں امن کی بحالی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے

موسی گاؤں میں تعزیتی نشست میں شرکت کرتے راہل گاندھی / آئی این سی
موسی گاؤں میں تعزیتی نشست میں شرکت کرتے راہل گاندھی / آئی این سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے اور وہاں امن کی بحالی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔

راہل گاندھی منگل کے روز مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسی والا کی تعزیتی نشست میں شرکت کے لیے پنجاب کے مانسا ضلع کے موسیٰ گاؤں گئے اور ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے موسی والا کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کی۔

راہل گاندھی کے ساتھ ریاستی کانگریس صدر امریندر راجہ وڈنگ، پارٹی انچارج ہریش چودھری اور کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔ انہوں نے سدھو موسی والا کے والدین سے ملاقات کر کے ان کا دکھ بانٹا۔ راہل گاندھی تقریباً ایک گھنٹے تک کنبہ کے ساتھ رہے۔

موسی گاؤں میں متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’کانگریس لیڈر سدھو موسی والا کے والدین جس دکھ سے گزر رہے ہیں اسے بیان کرنا مشکل ہے۔ انہیں انصاف دلانا ہمارا فرض ہے اور دلا کر رہیں گے۔ ریاست کا امن و امان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا عام آدمی پارٹی کی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔


واضح رہے کہ 28 سال کی عمر میں ملک اور بیرون ملک نام کمانے والے نوجوان گلوکار سدھو موسی والا کو شارپ شوٹرز نے 29 مئی بروز اتوار شام کو اس وقت غیر ملکی ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنی بیمار خالہ کی مزاج پرسی کرنے پاس کے گاؤں جارہے تھے۔

مہینوں سے ان کی ریکی کر رہے جرائم پیشہ افراد نے شوٹروں کو ساری معلومات دی تھی۔ ان کے قتل کی وجہ سے ملک اور بیرون ملک ان کے چاہنے والے بہت غمگین ہوئے۔ سدھو موسی والا ایک مشہور گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ مانسا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا لیکن عام آدمی پارٹی کو مینڈیٹ ملا اور وہ بھی الیکشن ہار گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔