صدر کووند، پی ایم مودی، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی نے ’باپو‘ کو پیش کیا گلہائے عقیدت

ناتھو رام گوڈسے نے 30 جنوری 1948 کو اس وقت مہاتما گاندھی کو گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جب وہ دہلی کے بڑلا بھون میں شام کے وقت دعائیہ جلسہ کے لیے پہنچے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاتما گاندھی کی آج 72ویں برسی ہے۔ اس موقع پر راج گھاٹ واقع باپو کی سمادھی پر منعقد سرکاری پروگرام میں صدر رام ناتھ كووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مختلف وزارتوں کے مرکزی وزراء، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور تینوں افواج کے سربراہان نے گلپوشی کی۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی، کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی باپو کی سمادھی پر گلہائےعقیدت پیش کئے۔راج گھاٹ پر باپو کی یاد میں ان کے مقبول بھجن کو بھی گایا گیا۔

باپو کو یاد کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’گاندھی جی نے اپنی آخری قربانی میں ہمارے لئے دوسروں سے بے لوث محبت کا مسلسل پیغام دیا۔ مجھے یقین ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ گاندھی کے اس سچے پیغام کو زندگی میں اتاریں گے‘‘۔


نائب صدر ونکیا نائیڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’مہاتما گاندھی کے خیالات میں عدم تشدد کا تصور کہیں وسیع ہے۔ اگر خیالات اور باتوں میں تشدد ترک کرکے عدم تشدد کو اپنا لیں تو پریشانیوں کا حل ہو جائے گا۔ ہماری آئینی ذمہ داریوں میں واجب ہے کہ تشدد کو ترک کریں، بھائی چارے کو بڑھائیں اور اپنی مشترکہ ثقافتی ورثے اور ہم آہنگی کو بڑھائیں‘‘۔ نائب صدر نے مزید کہا کہ ’’باپو کی برسی پر نجی اور عوامی زندگی میں، عوامی مکالمہ میں عدم تشدد کو وسیع معنوں میں اپنائیں۔ اس سےجمہوری خیالات زیادہ مثبت اور سماجی زندگی مزید خوشگوار ہو گی‘‘۔


پی ایم نریندر مودی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی پر انہیں خراج تحسین ۔ قابل احترام باپو کی شخصیت، ان کے نظریات و خیالات ہمیں مضبوط، فعال اور خوشحال نیو انڈیا کی تعمیر کے لئے حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے‘‘۔

لوک سبھاکے اسپیکر اوم برلا نے باپو کی یاد میں ملک کے نام دئیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’دنیا کو سچ کی راہ دکھانے والے اور عدم تشدد کی حوصلہ افزائی کرنے والے بابائے قوم کی برسی پر انہیں خراج تحسین۔ ان کی زندگی انسانیت کا اظہار رہی۔ آج کا دن خودسپردگی اور ہمت سے بھرے ہمارے جوانوں کی شہادت کو یاد کرنے کا ہے۔ یوم شہداء پر امر آزادی کے مجاہدین کوسلام‘‘۔


مہاتما گاندھی کی 72ویں برسی کے موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد سمیت کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران ان کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے پہنچے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ذریعہ باپو کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’باپو تم زندہ ہو، کھیتوں میں کھلیانوں میں، انصاف، سچائی اور محبت کے ارمانوں میں... مہاتما گاندھی۔‘‘


واضح رہے کہ ناتھو رام گوڈسے نے 30 جنوری 1948 کو اس وقت مہاتما گاندھی کو گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جب وہ دہلی کے بڑلا بھون میں شام کے وقت دعائیہ جلسہ کے لیے پہنچے تھے۔ گوڈسے نے اپنی سیمی آٹومیٹک پستول سے ایک کے بعد ایک تین گولیاں مار کر باپو کا قتل کر دیا تھا۔ ان کے قتل کے بعد گوڈسے کو فوراً گرفتار کر لیا گیا تھا۔ 15 نومبر 1949 کو گوڈسے کو پھانسی کی سزا سنائی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔