مہاراشٹر میں تشدد :عمر خالد اور جگنیش کے خلاف ایف آئی آر درج

گجرات کے دلت رہنما جگنیش میوانی اورطلباء رہنما عمر خالد پر دفعہ 153 اے، 505 اور 117 کے تحت پونے میں ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ یہ پونے کی تقریب میں شامل ہوئے اور نفرت آمیز تقریر کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں بھیما کورے گاؤں جنگ کی سالگرہ پر بھڑکے تشدد کے بعد پولس نفرت کو ہوا دینے والے اہم ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کر پائی ہے لیکن جگنیش میوانی اور عمر خالد کے خلاف نفرت پھیلانے کا مقدمہ ضرور درج کر لیا ہے ۔ پولس نے ان دونوں سمیت 25 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے علاوہ ازیں 300 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں چل رہے تشدد کا اثر کئی ریاستوں تک پہنچ گیا ہے اور گزشتہ روز دلت رہنما اور بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر کی قیادت میں متعدد تنظیموں کی طرف سے بند کا اہتمام کیا گیا تھا۔

گجرات کے دلت رہنما جگنیش میوانی اور طلباء رہنما عمر خالد پر دفعہ 153 اے، 505 اور 117 کے تحت پونے میں ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ یہ پونے کی تقریب میں شامل ہوئے اور نفرت آمیز تقریر کی۔

مہاراشٹر بند کے دوران بدھ کو ہوئے تشدد کے بعد ممبئی پولس نے جگنیش میوانی اور عمر خالد کو تقریب کی اجازت نہیں دی ۔ یہ دونوں بطور مقررین ’چھاتر بھارتی ‘تنظیم کی ایک تقریب میں شامل ہونے والے تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ’چھاتر بھارتی ‘ کے نائب صدر ساگر بھولے راؤ نے اس بات کی معلومات دی ہے۔

پولس نے جن لوگوں کو حراست میں لیا ہے ان میں 15 نابالغ لڑکے بھی شامل ہیں ۔ تمام گرفتار شدگان پر املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت اس مسئلہ پر بات چیت کر رہی ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس معاملہ پر ریاست کے افسران سے رپورٹ طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو دلت تنظیموں نے مہاراشٹر بند کی کال دی تھی جو کامیاب رہی۔ بند کے دوران تشدد کے کئی واقعات پیش آئے ، بسوں کو نذر آتش کیا گیا اور بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔ مہاراشٹر کے تشدد کا اثر گجرات تک پہنچ گیا اور وہاں بھی دلت طبقہ سے وابستہ افراد نے سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کیا۔راجکوٹ کےواپی علاقہ میں نامعلوم افراد نے سرکاری بس کو نذر آتش کر دیا ، دلتوں نے وہاں ہائی وےجام کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں۔

مہاراشٹر میں مودی کے ’گورو جی‘ نے تشدد بھڑکایا!

دلت احتجاج: امبیڈکر کے پوتے نے مہاراشٹر بند کو واپس لیا

مہاراشٹر: بی جے پی حکومت کے خلاف دلتوں کا غصہ پھوٹا

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2018, 1:15 PM