مہاراشٹر: مذہبی مقامات بند، عید الفطر پر بھی سخت پابندیاں برقرار

ریاست میں جس طرح سے رمضان المبارک میں تراویح، افطاری اور مسجد میں عبادات پر پابندی عائد کی گئی تھی، بریک دی چین مشن کے تحت ان پابندیوں پر عمل آوری لازمی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں کورونا وبا کے دوران حکم امتناعی اور لاک ڈاؤن جاری ہے ایسے میں مساجد میں عید الفطر کی نماز کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ مسجد پوری طرح سے بند ہے اور سخت پابندیاں عید پر بھی بر قرار رہے گی۔ مسجدوں میں صرف عملہ امام خطیب و پانچ مصلی کے ہی نماز کی اجازت دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے عید الفطر اپنے گھروں پر ہی سادگی کے ساتھ منانے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔ یہ اپیل ریاستی حکومت کی وزارت داخلہ کے ذریعہ جاری کردہ اصول و ضوابط اور سخت پابندیوں کی گائیڈ لائن میں کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے جاری کردہ اپنے8 نکاتی اس وضع کردہ اصول وضوابط میں واضح کیا ہے کہ ریاست اور شہر میں لاک ڈاؤن اور حکم امتناعی نافذ ہے، ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے سخت پابندیوں کا بھی اطلاق برقرار ہے، ایسی صورتحال میں عید الفطر، مذہبی تقریبات، جلسے جلوس اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ہر طرح سے بھیڑ بھاڑ جمع کرنے پر ممانعت ہے۔ چاند کی مناسبت سے عید 13یا 14مئی کو منعقد ہوگی اس لئے یہ سرکاری گائڈ لائن جاری کی گئی ہے تاکہ عید الفطر پر مساجد میں بھیڑبھاڑ نہ ہو۔


ریاست میں جس طرح سے رمضان المبارک میں تراویح، افطاری اور مسجد میں عبادات پر پابندی عائد کی گئی تھی، اس کے علاوہ عوامی مقامات پر جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، بریک دی چین مشن کے تحت ان پابندیوں پر عمل آوری لازمی ہے۔ مسجد اور کھلے میدان میں نماز کیلئے جمع ہونا بھی ممنوع ہے۔ رمضان اور عید کی خریداری کیلئے انتظامیہ بی ایم سی و مقامی انتظامیہ نے جو بھی اصول وضوابط اور بازاروں میں جو پابندیاں عائد کی ہیں اس کی پابندی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ بازاروں میں بھیڑ بھاڑ سے گریز کیا جائے۔ ریاست میں کورونا وبا کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے اور کرفیو بھی نافذ العمل ہے۔ اس لئے پھیری والے راستوں پر اسٹال لگانے سے گریز کریں اور بلا ضرورت راستہ پر گھومنے سے بھی اجتناب کریں۔

ہدایت کے مطابق عید الفطر میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس اور مذہبی و سیاسی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد و مذہبی مقامات پوری طرح سے بند رہیں گے۔ اس لئے سیاستداں اور سماجی کارکنان عید الفطر سادگی سے منانے کی اپیل کر نے سے متعلق بیداری مہم چلائیں۔ عید کے دوران جسمانی فاصلہ، ماسک اور دیگر پابندی پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ کورونا وبا کے دوران وزارت بازآبادکاری بحالی، طبی محکمہ بی ایم سی، پولیس اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل آوری لازمی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔