مہاراشٹر LIVE: مہاراشٹر میں شیو سینا-کانگریس-این سی پی کی حکومت، ادھو سمیت 6 وزارء کی حلف برداری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Nov 2019, 7:24 PM

وزیر اعظم مودی نے ادھو ٹھاکرے کو مبارک باد پیش کی

ادھو ٹھاکرے کے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد وزیر اعظم نریدنر مودی نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا، ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لئے ادھو ٹھاکرے جی کو مبارک باد۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لئے بہتر طریقہ سے کام کریں گے۔‘‘

28 Nov 2019, 6:45 PM

مہاراشٹر میں شیو سینا-کانگریس-این سی پی کی حکومت، ادھو سمیت 6 وزارء کی حلف برداری

ادھو ٹھاکرے کے بعد شیوسینا کے ایکناتھ شندے اور سبھاش دیسائی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ اس کے بعد، این سی پی قانون ساز پارٹی کے رہنما جینت پاٹل اور چھگن بھج بل نے این سی پی کوٹہ سے حلف لیا۔ دریں اثنا، کانگریس قانون ساز پارٹی کے سربراہ بالا صاحب تھورات اور نتن راؤت نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔

28 Nov 2019, 6:39 PM

ادھو ٹھاکرے شیوا جی پارک پہنچے

شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ممبئی میں واقع شیوا جی پارک پہنچ گئے ہیں اور کچھ ہی دیر میں وہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی حلف برداری تقریب میں پہنچے ہیں۔

مہاراشٹر LIVE: مہاراشٹر میں شیو سینا-کانگریس-این سی پی کی حکومت، ادھو سمیت 6 وزارء کی حلف برداری

28 Nov 2019, 6:32 PM

ادھو کچھ دیر میں لیں گے حلف، شیواجی پارک پوری طرح تیار

ممبئی کا شیواجی پارک تاریخی لمحات کا گواہ بننے جا رہا ہے کیونکہ شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے یہاں کچھ ہی دیر میں حلف لینے والے ہیں۔ این سی پی-کانگریس-شیوسینا مخلوط حکومت کی حلف برداری کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ان تاریخی لمحات کا حصہ بننے کے لئے لوگ یہاں ہزاروں کی تعداد میں تشریف لائے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے سی ایم کمل ناتھ، ڈی ایم کے رہنما ایم کے اسٹالن، ٹی آر بالو، کانگریس رہنما کپل سبل، احمد پٹیل، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے سمیت متعدد سیاستدان ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری میں شرکت کے لئے پہنچ چکے ہیں۔ اب صرف ادھو ٹھاکرے کے پہنچے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

28 Nov 2019, 5:01 PM

تینوں پارٹیوں کا کم از کم مشترکہ پروگرام جاری، کسانوں کے لیے خوشخبری

شیوسینا، کانگریس اور این سی پی لیڈروں نے ایک پریس کانفرنس کر کے کم از کم مشترکہ پروگرام جاری کر دیا ہے۔ اس میں کسانوں و بے روزگاروں کے لیے کچھ بڑے وعدے کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق کسانوں کے قرض فوراً معاف کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت کے اندر آنے والے سبھی خالی عہدے بھرے جائیں گے۔ ریاست میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو فیلوشپ دی جائے اور اس کے ساتھ ہی خواتین کی سیکورٹی کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے گی۔ کم از کم مشترکہ پروگرام کے مطابق کمزور معاشی پس منظر سے آنے والی بچیوں کو مفت تعلیم کا انتظام کیا جائے گا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ گرام سڑک یوجنا کی طرح شہری علاقوں میں سڑک کے لیے منصوبہ منظر عام پر آئے گا۔


28 Nov 2019, 4:34 PM

اجیت پوار ایک بار پھر بنیں گے نائب وزیر اعلیٰ، نواب ملک نے کی تصدیق

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اجیت پوار ایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ خبروں کے مطابق این سی پی ترجمان نواب ملک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ اجیت پوار کو ملے گا، حالانکہ آج وہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ حلف نہیں لیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی حمایت کرنے کے بعد اجیت پوار فڑنویس حکومت میں بھی نائب وزیر اعلیٰ بنائے گئے تھے، لیکن بعد میں انھوں نے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد وزیر اعلیٰ فڑنویس کو بھی استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔

28 Nov 2019, 4:10 PM

ادھو ٹھاکرے اب شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ کے مدیر نہیں ہوں گے

وزیر اعلیٰ کا حلف لینے سے پہلے اُدھو ٹھاکرے شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ کے مدیر عہدہ سے ہٹ گئے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے یہ فیصلہ حلف برداری سے پہلے لیا اور شیوسینا کے ذمہ داران کو اس کی اطلاع دے دی۔ قابل ذکر ہے کہ ’سامنا‘ کی ادارتی ذمہ داری ’سنجے راؤت‘ کے ہاتھوں میں ہے جو کہ شیوسینا کے قومی ترجمان بھی ہیں۔


28 Nov 2019, 3:06 PM

آج تینوں پارٹیوں کے صرف 2-2 لیڈر لیں گے حلف: پرفل پٹیل

این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آج ادھو ٹھاکرے کے ساتھ صرف 6 وزیر ہی حلف لیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ تینوں پارٹیوں یعنی شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے 2-2 لیڈر بطور وزیر حلف لیں گے۔

28 Nov 2019, 2:10 PM

ادھو کی حلف برداری کی تیاریوں کے درمیان شرد پوار سے ملنے پہنچے اجیت پوار

ایک طرف تاریخی شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور دوسری طرف این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کرنے این سی پی لیڈر اجیت پوار ان کے گھر پہنچے ہیں۔ اس ملاقات کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حلف برداری کے بارے میں ہی کچھ بات چیت ممکن ہوگی۔ دراصل شرد پوار کے گھر پر اس وقت جینت پاٹل اور پرفل پٹیل بھی موجود ہیں اور نائب وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان بھی تھوڑی ہی دیر میں ہونے والا ہے۔


28 Nov 2019, 1:49 PM

ادھو ٹھاکرے نے راج ٹھاکرے کو فون کر کے حلف برداری تقریب میں شرکت کی دی دعوت

ادھو ٹھاکرے نے فون کر کے اپنے چچا زاد بھائی راج ٹھاکرے کو شیواجی پارک میں منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق راج ٹھاکرے نے ادھو کی دعوت کو قبول بھی کر لیا ہے اور وہ اپنے بھائی کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے رشتوں میں اس وقت تلخی آ گئی تھی جب بالا صاحب ٹھاکرے نے اپنی گدی راج ٹھاکرے کی جگہ ادھو ٹھاکرے کو سونپ دی تھی۔ اس کے بعد راج ٹھاکرے نے اپنی ایک الگ تنظیم ’مہاراشٹر نو نرمان سینا‘ کے نام سے تشکیل دیا تھا۔ لیکن اس وقت جب مہاراشٹر میں ’ٹھاکرے حکومت‘ کا آغاز ہونے والا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ پرانی رنجشوں کو بھلا کر اپنے بھائی کی خوشی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

28 Nov 2019, 12:54 PM

این سی پی 2 بجے بتائے گی اپنی طرف سے نائب وزیر اعلیٰ بننے والے لیڈر کا نام

اُدھو ٹھاکرے کے وزیر اعلیٰ بننے کا اعلان تو کافی پہلے ہو گیا لیکن این سی پی کی طرف سے نائب وزیر اعلیٰ کس کو بنایا جائے گا، اس پر اب بھی کشمکش برقرار ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی پی اپنی طرف سے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے لیڈر کے نام کا اعلان 2 بجے کر سکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ این سی پی کی طرف سے ایک نائب وزیر اعلیٰ ہوگا جب کہ کانگریس کو ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ ملا ہے۔ اس کے علاوہ وزارتوں کی تقسیم بھی تینوں پارٹیوں کے درمیان ہوگی اور کسے کون سی وزارت ملنی ہے، اس کا فیصلہ آئندہ دنوں میں ہوگا۔


28 Nov 2019, 12:13 PM

بی جے پی نے مہاراشٹر میں شرمناک طریقے سے حکومت سازی کی تھی: سونیا گاندھی

پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد کانگریس پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مہاراشٹر ایشو پر اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لیے شرمناک طریقہ اختیار کیا۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح کا کھیل مہاراشٹر میں گزشتہ دنوں ہوا، وہ شرمناک تھا، بی جے پی نے شرمناک کوشش کی۔

28 Nov 2019, 11:38 AM

ایکناتھ کھڑسے بی جے پی کو جلد کہہ سکتے ہیں الوداع!

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایکناتھ کھڑسے کسی بھی وقت بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ دراصل ایکناتھ کھڑسے نے دیویندر فڑنویس کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد ہی یہ بیان دیا تھا کہ ان کا اجیت پوار کے ساتھ ہاتھ ملانے کا فیصلہ غلط تھا۔ ان کے اس بیان کے بعد ہی یہ کہا جانے لگا تھا کہ وہ پارٹی سے ناراض ہیں اور کوئی بڑا قدم اٹھا سکتے ہیں۔


28 Nov 2019, 10:57 AM

ممبئی میں بالا صاحب ٹھاکرے کی سمادھی کو پھولوں سے سجایا گیا

شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے آج وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے ہیں اور اس سے پہلے اس تقریب کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو گئی ہیں۔ شیواجی پارک میں موجود بالا صاحب ٹھاکرے کی سمادھی کو بھی پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔ شیوسینا سربراہ اور ’مہا وکاس اگھاڑی‘ کے لیڈر ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں کئی مشہور و معروف ہستیوں کے ساتھ ساتھ کسانوں اور خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیواؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

28 Nov 2019, 10:24 AM

حلف برداری تقریب سے پہلے شیواجی پارک میں مچھروں کو بھگانے کے لیے چھوڑا گیا دھواں

ممبئی میں شیواجی پارک میں بی ایم سی کے ذریعہ مچھر بھگانے کے لیے دھوئیں چھوڑے گئے ہیں۔ مہاراشٹر کی نئی حکومت کی حلف برداری تقریب آج شام ہونے والی ہے جس کی سبھی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ اس حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لیے پی ایم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس صدر سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اروند کیجریوال سمیت کئی مشہور و معروف ہستیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔


28 Nov 2019, 9:53 AM

حلف برداری سے پہلے ممبئی میں ہر جگہ لگے ادھو ٹھاکرے کے ہورڈنگز اور بینرس

ممبئی میں مہاراشٹر کی نئی حکومت کی تشکیل سے قبل پورا شہر پوسٹر اور بینر سے بھر گیا ہے۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کارکنان کے ذریعہ لگائے گئے بینر و پوسٹر میں نئی حکومت کا استقبال کیا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں آج نئی حکومت تشکیل پانے والی ہے اور ادھو بریگیڈ شیواجی پارک میں حلف لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

28 Nov 2019, 9:04 AM

اہم خبر: مہاراشٹر کے شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری آج، تیاریاں مکمل

ممبئی کے شیواجی پارک میں آج مہاراشٹر کی نئی حکومت کی حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ شام تقریباً 6.40 بجے حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا مل کر ریاست میں حکومت بنانے جا رہی ہیں۔

خبروں کے مطابق شیوسینا کی جانب سے سبھاش دیسائی اور ایکناتھ شندے، این سی پی کی جانب سے جینت پاٹل اور چھگن بھجبل وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے۔ وہیں کانگریس کی جانب سے بالا صاحب تھوراٹ اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان بھی حلف لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔