مہاراشٹر: پہلگام حملہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 50-50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان

پہلگام دہشت گردانہ حملہ میں مہاراشٹر کے 6 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ان مہلوکین کے گھر والوں کو 50 لاکھ روپے کی معاشی امداد کا اعلان کیا ہے۔

دیوندر فڑنویس
دیوندر فڑنویس
user

قومی آواز بیورو

22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے پورے ملک کو رنج و الم میں مبتلا کر دیا تھا۔ اس حملے میں 26 افراد کی جان چلی گئی تھی، جن میں 6 کا تعلق مہاراشٹر سے تھا۔ مہاراشٹر کی دیویندر فڑنویس حکومت نے ان مہلوکین کو معاشی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج ہوئی کابینہ میٹنگ میں مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیے جانے کے بعد اعلان کیا گیا کہ مہلوکین کے گھر والوں کو حکومت کی طرف سے 50-50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق مہلوکین کے کنبوں کو 50 لاکھ روپے کی معاشی مدد کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان کنبوں کی تعلیم اور روزگار پر توجہ دے گی۔ اس حملے میں ہلاک پونے کے سنتوش جگدالے کی بیٹی کو سرکاری ملازمت دیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا اعلان وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے آج کابینہ میٹنگ کے دوران ہی کی۔


واضح رہے کہ مہاراشٹر کے جن 6 افراد کی موت پہلگام حملے میں ہوئی ہے، ان میں پونے کے سنتوش جگدالے کے ساتھ ساتھ ڈومبیولی کے رہنے والے 3 بھائی تولے مونے، سنجے لیلے اور ہیمنت جوشی، پونے کے کوستبھ گنبوٹے اور نوی ممبئی کے دلیپ دیسلے شامل ہیں۔ این سی پی-ایس پی کے سربراہ شرد پوار نے گزشتہ دنوں دہشت گردانہ حملہ میں مارے گئے کوستبھ گنبوٹے کی فیملی سے ملاقات کی تھی۔ گنبوٹے کی بیوی شسرو نارائن نے شرد پوار کو بتایا کہ کس طرح وہ پورا خوفناک اور قاتلانہ حملہ سیاحوں پر کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔