مہاراشٹر: تیل ٹینکر میں دھماکہ سے دہل گیا ممبئی-پونے ایکسپریس وے، 4 لوگوں کی موت اور کئی دیگر زخمی

ٹینکر کیمیکل آئل لے کر تیز رفتاری کے ساتھ جا رہا تھا، اس درمیان ڈرائیور کا ٹینکر پر سے کنٹرول ختم ہو گیا، اس کی وجہ سے ٹینکر سلپ کر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر کھنڈالا گھاٹ کے پاس منگل کے روز ایک کیمیکل آئل ٹینکر میں دھماکہ کے ساتھ آگ لگ گئی۔ اس آگ میں جل کر 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ایکسپریس وے دہل گیا اور پھر اس کے بعد پورا ٹریفک نظام ٹھپ ہو گیا۔ تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ 5 کلومیٹر تک گاڑیوں کی لائن لگ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی-پونے ایکسپریس وے سے گزر رہے کیمیکل آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے کیمیکل ہر طرف بکھر گیا اور آگ ہر طرف پھیل گئی۔ حتیٰ کہ یہ آگ برج کے نیچے تک پہنچ گئی۔ اس آگ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں نظر آ رہا ہے کہ ایک خاتون جھلس کر زمین پر پڑی ہوئی ہے، جبکہ ایک دیگر مدد کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس آگ میں جھلسنے سے 4 لوگوں کی موت واقع ہو چکی ہے اور زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔


آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد کچھ دیگر گاڑیوں تک بھی یہ آگ پھیل گئی۔ اس حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس نے مراٹھی زبان میں ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ چار مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ تین زخمیوں کا علاج شروع ہو گیا ہے اور جائے حادثہ پر ریاستی پولیس ٹیم، آئی این ایس شیواجی اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موجود ہے۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ایک طرف کا ٹریفک شروع ہو گیا ہے۔ جلد ہی دوسری جانب کا ٹریفک بھی شروع کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

آئل کیمیکل ٹینکر میں دھماکہ اور آگ لگنے کا یہ واقعہ لوناوالا علاقہ میں کونے نامی گاؤں کے پاس برج پر دوپہر کے وقت پیش آیا۔ اس آگ کی لپٹیں دور سے ہی دکھائی دے رہی تھیں۔ کچھ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ٹینکر کیمیکل آئل لے کر تیز رفتاری کے ساتھ جا رہا تھا، اس درمیان ڈرائیور کا ٹینکر پر سے کنٹرول ختم ہو گیا۔ اس کی وجہ سے ٹینکر سلپ کر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیلنے لگی اور کیمیکل بہتے ہوئے برج کے نیچے کچھ گاڑیوں پر بھی گرا۔ برج کے نیچے ہی کام کر رہے چار لوگوں پر کیمیکل گرا جس کی وجہ سے وہ جھلس گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔